ویب ڈیسک: سندھ کا نیا گورنر کون ہوگا ؟ ایم کیو ایم کی جانب سے وفاق کو بھجوائے گئے 5 ناموں پر مشاورت آخری مرحلے میں داخل ہوگئی۔ حتمی فیصلہ ایک دو روز میں ہوجائے گا۔
ذرائع کے مطابق ایم کیو ایم کی جانب سے وفاق کو گورنر سندھ کیلیے 5 نام بھجوائے گئے تھے جن میں سے نسرین جلیل اور عامر چشتی اس عہدے کے لیے سب سے زیادہ مضبوط امیدوار قرار دیے جارہے ہیں۔
ذرائع نے بتایا کہ ایم کیو ایم نے ان کے علاوہ عامر خان، وسیم اختر اور کشور زہرہ کے نام بھی وفاق کو دیے ہیں لیکن نسرین جلیل اور عامر چشتی کے نام حکومتی جماعتوں کے لیے سب سے زیادہ غیر متنازع ہیں۔
واضح رہے کہ اگر گورنر شپ کا قرعہ نسرین جلیل کے نام نکلتا ہے تو یہ تقریباً نصف صدی کے بعد سندھ میں خاتون گورنر ہوں گی، اس سے قبل 1973 سے 1975 تک پاکستان کے پہلے وزیراعظم شہید ملت خان لیاقت علی خان کی اہلیہ بیگم رعنا لیاقت علی خان سندھ کی گورنر رہی تھیں۔