یورپ میں پاکستانی گانے کی دھوم،ڈچ گلوکارہ کا ’پسوڑی‘ ورژن وائرل ہوگیا

7 May, 2022 | 12:57 PM

ویب ڈیسک:کوک اسٹوڈیو سیزن 14 کے گانے ’ پسوڑی‘ نے جہاں ریلیز ہوتے ہی پاکستان سمیت بھارت میں  شہرت کے جھنڈے گاڑے وہیں اب یہ گانا یورپ میں بھی مقبولیت حاصل کر چکا ہے۔

سوشل میڈیا پر پاکستانی اور بھارتی معروف اداکاراؤں اور فنکاروں سمیت ٹک ٹاکرز بھی خوب ’ پسوڑی‘ گانے پر تاحال ویڈیوز بنا رہے ہیں جس سے اس گانے کی مقبولیت کا اندازہ لگایا جا سکتا ہے۔یہی نہیں بلکہ اب اس گانے کو شہرت کی اور سند مل گئی ہے۔

یورپی ملک، نیدر لینڈز سے تعلق رکھنے والی ڈچ گلوکارہ ایما ہیسٹرز نے بھی اب اس گانے کا نیا ورژن متعارف کروا دیا ہے جو کہ سوشل میڈیا پر خوب مقبول ہو رہا ہے۔

 واضح رہے کہ گانے ’ پسوڑی‘ کو معروف گلوکار علی سیٹھی اور گلوکارہ شائے گِل نے گایا ہے، اس گانے کے بول علی سیٹھی اور فضل عباس نے لکھے ہیں اور کمپوزیشن زلفی نے دی ہے۔

یہ گانا رواں سال کے آغاز میں ریلیز کیا گیا تھا جسے تاحال  یوٹیوب پر 100,099,032 بار سنا جا چکا ہے۔

مزیدخبریں