ویب ڈیسک: لاہور ہائیکورٹ نے سانحہ مری کیس کا فیصلہ محفوظ کر لیا۔
تفصیلات کے مطابق ہائی کورٹ راولپنڈی بینچ میں سانحہ مری کیس کی سماعت ہوئی اور جسٹس عبد العزیز نے کیس کی سماعت کی۔ عدالت نے محکمہ جنگلات پر برہمی کا اظہار کرتے ہوئے محکمہ جنگلات سے تفصیلی رپورٹ طلب کی۔
عدالت نے ریمارکس دیئے کہ لکڑی چوری کر کے اس کو آگ لگا دیتے ہیں اور آپ اگر احساس پیدا کریں تو آج اس طرح مارے مارے نہ پھرتے۔
عدالت میں سی این ڈبلیو کی رپورٹ بھی پیش کی گئی۔ عدالت نے ٹی ایم اے پر اظہارِ برہمی کرتے ہوئے کہا کہ پارکنگ پلازہ کا معاہدہ طے ہوا اور رقم مختص کی گئی۔
عدالت نے ریمارکس دیئے کہ آپ جھوٹ بول رہے ہیں کہ ہمیں معلوم ہی نہیں۔ سڑکیں بلاک تھیں اور ہزاروں لوگ پھنسے ہوئے تھے تو اس موقع پر اداروں نے کیا کیا۔ایڈووکیٹ جلیل عباسی نے مؤقف اختیار کیا کہ پارکنگ پلازہ پر معاہدہ ہوا ٹی ایم اے کو معلوم بھی ہے۔
عدالت نے کیس کی سماعت مکمل کرنے کے بعد فیصلہ محفوظ کر لیا۔
یاد رہے کہ 9 جنوری کو مری میں شدید برف باری کے باعث ہزاروں افراد سڑکوں پر پھنس گئے تھے، شدید سردی اور دم گھٹنے سے ایک خاندان کے 8 افراد سمیت 23 سیاح جاں بحق ہوئے تھے۔