ویب ڈیسک:کراچی سے لاپتا ہوکر پاکپتن سے ملنے والی دعا زہرا کے والد نے بیٹی کی بازیابی کے لیے سندھ ہائیکورٹ سے رجو ع کرلیا۔
دعا زہرا کے والد نے سندھ ہائیکورٹ میں درخواست دائر کی جس میں مؤقف اختیار کیا گیا ہےکہ 16 اپریل کو رات ساڑھے بارہ بجےاہلیہ نے بتایا کہ دعا زہرا لاپتہ ہے جس کے بعد الفلاح تھانے جاکر دعا زہرا کے اغواکا مقدمہ نامعلوم افراد کے خلاف درج کرایا ، کیس کے تفتیشی افسر نے مقدمے کا چالان تاحال جوڈیشل مجسٹریٹ کی عدالت میں پیش نہیں کیا۔
درخواست میں مزید کہا گیاہےکہ سوشل میڈیا کے ذریعے پتا چلا کہ ظہیر احمد نے دعا زہرا سے شادی کرلی ہے،تاریخ پیدائش کے حساب سے نکاح کے وقت دعا زہرا کی عمر 14 سال سے کم تھی لہٰذا دعا اور ظہیر احمد کی 17 اپریل کو ہونے والی شادی غیر قانونی قرار دی جائے۔
درخواست میں استدعا کی گئی ہےکہ ایس ایس پی ایسٹ، ایس ایچ اوالفلاح اور تفتیشی افسر کودعا زہرا کو بازیاب کرانے کا حکم دیاجائے، تفتیشی افسردعا زہرا کو ظہیر احمد سے بازیاب کراکے عدالت میں پیش کریں جب کہ دعا زہرا اور اس کی فیملی کو تحفظ فراہم کیا جائے۔