(مانیٹرنگ ڈیسک)پاکستان تحریک انصاف کے چئیرمین عمران خان کا گدھے سے متعلق مثال دینے کا ویڈیو کلپ سوشل میڈیا پر وائرل ہوگیا۔
سابق وزیراعظم اور پی ٹی آئی چئیرمین عمران خان نے پوڈ کاسٹ میں مختلف امورپرکھل کربات کی، عمران خان کا گفتگو کے دوران گدھے سے متعلق مثال دینے والا کلپ سوشل میڈیا پروائرل ہوگیا۔عمران خان کا کہنا تھا کہ مجھے برطانیہ میں ویلکم کیا گیا لیکن میں نے اسے کبھی اپنا گھر نہیں سمجھا کیونکہ میں پاکستانی تھا اورکچھ بھی کرنے سے انگریز نہیں بن سکتا تھا جیسے گدھے کے اوپرلکیریں ڈالنے سے گدھا زبیرا نہیں بن جاتا گدھا ، گدھا ہی رہتا ہے۔
سابق وزیراعظم نے کہا کہ دنیا کے کسی بھی اچھے سے اچھے نظام پر شریف اور زرداری کو بٹھادیں تو وہ کرپٹ ہوجائیں گے، نواز شریف کو انگلینڈ کا وزیراعظم بنادیں، 10 سال میں انگلینڈ مقروض ہوجائے گا اور پاکستان سے قرضے مانگے گا۔
عمران خان نے کہا کہ میرے خلاف بہت بڑی سازش ہوئی کہ پاکستان میں موجود میرجعفر و میرصادق نے انکا ساتھ دیا، ہمیشہ یقین رکھتا ہوں کہ میرا ملک مضبوط، آزاد ہے اور وہ کبھی کسی کے سامنے نہیں جھکے گا۔ انہوں نے کہا کہ عدلیہ نے از خود نوٹس بھی لے لیا اور رات 12 بجے عدالتیں کھل گئیں لیکن منحرف ارکان کیخلاف کوئی کارروائی نہیں کی۔
انہوں نے کہا کہ مجھے ہٹانے پر انہیں توقع نہیں تھی عوام کا اتنا شدید ردعمل آئے گا، اداروں کے اندر لوگ ہمارے ساتھ کھڑے ہوگئے، اس وقت اداروں کی فیملیز ہمارے ساتھ کھڑی ہیں۔
عمران خان کی گدھے سے متعلق ویڈیو کو اب تک 3 لاکھ سے زائد ویوز مل چکے ہیں، بھارتی میڈیا میں بھی عمران خان کی وائرل کلپ کی کوریج کی گئی ہے۔