(ویب ڈیسک)اداکارہ بشریٰ انصاری نے اپنی بہن سنبل شاہد کے انتقال کے بعد سوشل میڈیا پر جذباتی پیغام جاری کیا ہے ۔بشری انصاری نے سوشل میڈیا سائٹ انسٹاگرام پر ماضی کی ایک یادگار تصویر شیئر کی جس میں اُن کے ہمراہ اُن کی والدہ اور بہنیں بھی ہیں۔
انسٹاگرام پر شیئر کی گئی تصویر میں بشریٰ انصاری اور اُن کے بہنیں اپنی والدہ کے ساتھ بےحد خوش دکھائی دےرہی ہیں۔ تصویر کے کیپشن میں اپنی مرحومہ بہن سنبل شاہد سے مخاطب ہوتے ہوئے انہوں نے لکھا کہ ہمیں کیا معلوم تھا کہ تُم ہمیں چھوڑ کر چلی جاؤ گی اگر معلوم ہوتا تو ہم رواں سال جنوری میں تمہاری سالگرہ بہت اچھے طریقے سے مناتے۔
اُن کی اس جذباتی پوسٹ پر سوشل میڈیا صارفین کی بڑی تعداد سنبل شاہد کی مغفرت کے لیے دُعائیہ پیغامات جاری کررہی ہے۔ سنبل شاہد کو ایک ماہ پہلے کورونا ہوا تھا اور بشریٰ انصاری اور اسما عباس نے عوام سے اپنی بہن کی صحتیابی کیلئے کئی بار دعائوں کی درخواست بھی کی تھی۔
سنبل شاہد کورونا کے باعث لاہور کے نجی اسپتال میں زیر علاج تھیں۔ سنبل شاہد کو 22 اپریل کو وینٹی لیٹر پر منتقل کیا گیا تھا جس کے بعد وہ انتقال کر گئیں۔اداکارہ سنبل شاہد کو کیولری گرائونڈ کے قبرستان میں سپرد خاک کیا گیا۔ کیولری گرائونڈ میں ہونے والی نمازجنازہ میں سنبل شاہد کے قریبی رشتہ داروں و دیگر شہریوں نے شرکت کی۔