این اے 249میں نیا پنڈورا باکس کھل گیا

7 May, 2021 | 11:34 AM

Sughra Afzal

 (مانیٹڑنگ ڈیسک) این اے 249میں نیا پنڈورا باکس کھل گیا، پیپلزپارٹی کے سوا تمام جماعتوں کا ووٹ دوبارہ گننے کے عمل کا بائیکاٹ کردیا، پولنگ بیگ سیل نہ ہونے اور فارم چھیالیس نہ دینے کے اعتراضات۔بائیکاٹ کے باوجودووٹوں کی گنتی کاعمل جاری رہا۔

پی ٹی آئی نے ضمنی انتخاب کالعدم قراردینے کی درخواست کردی، پہلے دن 1 سے 60 پولنگ اسٹیشنز کی دوبارہ گنتی کا مرحلہ مکمل کیا گیا جس میں مجموعی طور پر 649 ووٹ مسترد کردیئے گئے، پیپلز پارٹی کے قادر خان مندوخیل کے 134 ووٹ مسلم لیگ (ن) کے مفتاح اسماعیل کے 194 ووٹ جبکہ کالعدم ٹی ایل پی کے 44 ووٹوں کو مسترد کر دیا گیا۔

پی ایس پی کے مصطفیٰ کمال کے 29 ووٹ مسترد ہوئے، پی ٹی آئی کے امجد اقبال آفریدی کو 34 ووٹ اضافی مل گئے۔ صوبائی الیکشن کمشنر کا کہنا ہے کہ الیکشن ایکٹ کے مطابق درخواست گزار کے بائیکاٹ سے اس عمل پر اثر نہیں پڑتا، سیاسی جماعتوں نے فارم 45 ضمنی انتخاب والے دن کیوں حاصل نہیں کیے؟ ووٹوں کی دوبارہ گنتی کا عمل آئندہ دو روز میں مکمل کرلیا جائے گا۔

واضح رہےکہ 29 اپریل کو کراچی کے حلقے این اے 249  میں پیپلز پارٹی نے کامیابی حاصل کی تھی جبکہ مسلم لیگ ن دوسرے نمبر پر آئی تھی،مسلم لیگ کے رہنما مفتاح اسماعیل نے نتیجے کو مسترد کرکے دھاندلی کا الزام لگایا تھا اور دوبارہ گنتی کرانے کی درخواست کی تھی, تحریک انصاف نے دوبارہ گنتی کے بجائے دوبارہ پولنگ کا مطالبہ کیا تھا، الیکشن کمیشن نے ن لیگ کی درخواست مان لی تھی۔

مزیدخبریں