میڈیکل کے امتحانات بھی نہ لینے کا فیصلہ

7 May, 2020 | 10:26 PM

Arslan Sheikh

( زاہد چوہدری ) یونیورسٹی آف ہیلتھ سائنسز نے ایک روز بعد ہی 13 مئی سے امتحانات لینے کا شیڈول منسوخ کر دیا، رمضان المبارک کے دوران امتحانات نہیں ہونگے، یکم جون سے نئے شیڈول کے مطابق امتحانات منعقد کئے جائیں گے۔

یو ایچ ایس کے ترجمان کے مطابق رمضان المبارک میں میڈیکل کے امتحانات نہ لینے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ یونیورسٹی آف ہیلتھ سائنسز کے زیراہتمام ہونے والے ایم بی بی ایس، بی ڈی ایس سپلیمنٹری امتحانات اب عید کے بعد ہوں گے۔ ترجمان کے مطابق فیصلہ وائس چانسلر یو ایچ ایس پروفیسر جاوید اکرم کی ہدایت پر کیا گیا ہے۔

واضح رہے یونیورسٹی آف ہیلتھ سائنسز کے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر جاوید اکرم کی سربراہی میں ہونیوالے اجلاس میں کورونا کی وجہ سے ملتوی امتحانات کے انعقاد کا فیصلہ کیا گیا تھا اور اس حوالے سے ڈیٹ شیٹ بھی جاری کر دی گئی تھی۔

دوسری جانب سروسز انسٹی ٹیوٹ آف میڈیکل سائنسز کی جانب سے میڈیکل کے طلبا کیلئے حالیہ لاک ڈاون کے دوران آن لائن کلاسز کا آغاز کر دیا گیا ہے تاکہ طلبا کا وقت ضائع ہونے سے بچایا جاسکے۔

 پہلے مرحلے میں ایم بی بی ایس فائنل ایئر کے طلبا کیلئے آن لائن کلاسز کا آغاز کیا گیا ہے۔ پرنسپل سمز پروفیسر ڈاکٹر محمود ایاز نے افتتاحی لیکچر دے کر آن لائن کلاسز کا آغاز کیا۔ پروفیسر ڈاکٹر وارث فاروق سمیت فیکلٹی ممبران نے بھی آن لائن لیکچر دیئے۔

مزیدخبریں