کورونا وائرس، بورڈ کے امتحانات منسوخ

7 May, 2020 | 05:09 PM

Arslan Sheikh
Read more!

( جنید ریاض، علی اکبر  ) پنجاب میں سرکاری و نجی سکولوں کو 15 جولائی تک بند رکھنے کا اعلان کردیا گیا، صوبائی وزیر تعلیم مرادراس کا کہنا ہے کہ چھٹیوں میں 45 روزکا اضافہ کورونا وائرس کے بڑھتے ہوئے خدشات کے پیش نظر کیا گیا ہے۔

وزیر اعظم عمران کے اعلان کے بعد صوبائی وزیر تعلیم نے بھی سکولوں کو 15 جولائی تک بند رکھنے سے متعلق اہم ٹویٹ کردیا۔ ٹویٹر پیغام میں مراد راس نے بتایا کہ کورونا وائرس کے پیش نظر چھٹیوں میں مزید 45 روز کا اضافہ کیا گیا ہے۔

مراد راس کا کہنا ہے کہ بچوں، اساتذہ اور والدین کی زندگیوں کو محفوظ بنانا حکومت کی اولین ترجیحات میں شامل ہے۔ انہوں نے کہا کہ بچوں کو اگلی جماعت میں پروموٹ کرنے اور بورڈ امتحانات نہ لینے کے حوالے سے جلد نوٹیفکیشن جاری کردیا جائے گا۔

دوسری جانب پنجاب ٹیچرز یونین نے سکولوں کو مزید 15 جولائی تک بند رکھنے اور بورڈ امتحانات منسوخ کرنے کے فیصلے پر نظرثانی کا مطالبہ کیا ہے۔ ٹیچر رہنماوں رانا لیاقت علی اور کاشف شہزاد چوہدری کا کہنا ہے کہ حفاظتی اقدامات کرکے بورڈ امتحانات لیے جاسکتے ہیں، امتحانات نہ لینے سے طلبہ کی کارکردگی بری طرح متاثر ہوسکتی ہے۔

وزیر اعلیٰ پنجاب کی جانب سے بتایا گیا ہے کہ وفاق اور صوبہ کے درمیان اتفاق رائے سے فیصلہ کیا گیا ہے کہ تعلیمی ادارے 15 جولائی تک بند رہیں گے جبکہ حکومت نےتمام بورڈزکے امتحانات منسوخ کردئیے۔ وفاقی وزیر شفقت محمود کا کہنا ہے کہ تعلیمی اداروں میں چھٹیاں بڑھادی گئیں اوراب اسکول15جولائی تک نہیں کھلیں گے.  یونیورسٹیوں میں داخلے گیارہویں جماعت کے امتحانات کے مطابق ملیں گے. اس طرح 9 ویں،10 ویں، 11ویں اور12 ویں جماعت میں پروموشن گزشتہ برس کے رزلٹ پر ہوگی۔

واضح رہے کہ اس سے قبل تعلیمی ادارے یکم جون سے کھولنے کا اعلان کیا گیا تھا تاہم گرمی اور کورونا کے پیش نظر حکومت کی جانب سے فیصلہ پر نظر ثانی کی گئی ہے۔

قبل ازیں پنجاب بورڈز آف چیئرمین کمیٹی نے لاہورسمیت صوبے بھرمیں نویں اوربارہویں جماعت کے امتحانات کیلئے 3 پلان مرتب کیے تھے۔ ذرائع کے مطابق   پلان اے میں نویں جماعت کا امتحان 8 مئی سے20 مئی تک، سیکنڈ ایئرکا امتحان 29 مئی سے 12 جون تک لینے کا شیڈول کیا گیا تھا، پلان بی میں نویں جماعت کا امتحان یکم جون سے13 جون اورسیکنڈ ایئر کا امتحان15جون سے30 جون تک لینے کا شیڈول بنایا گیا ہے، پلان سی میں سیکنڈ ایئرکا امتحان یکم جون سے 15 جون تک لینے کا شیڈول تیارکیا گیا۔ 

مزیدخبریں