پنجاب حکومت کو 10 ارب روپے کی فنڈنگ کا گرین سگنل مل گیا

7 May, 2020 | 04:34 PM

Sughra Afzal

(علی رامے) پنجاب حکومت نے لاک ڈاؤن کے نتیجے میں پیدا ہونے والے سنگین مالی بحران سے نمٹنے کیلئے عالمی ڈونرز سے رابطہ کرلیا، صوبائی حکومت کو بجٹ خسارہ دور کرنے کیلئے 10 ارب روپے کی فنڈنگ کا گرین سگنل بھی مل گیا۔

رواں مالی سال ملنے والے 58 ارب کے قرض میں سے 28 ارب کی وصولی تاحال باقی ہے، پی اینڈ ڈی بورڈ کی جانب سے کئے جانے والے رابطوں پر عالمی ڈونرز ایجنسیوں نے آئندہ بجٹ میں تعاون کیلئے بقایا رقم میں سے 10 ارب جاری کرنے کی یقین دہانی کرائی ہے، ملنے والی رقم ترجیحی طور پر تعلیم ، صحت ، انفراسٹرکچر اور اربن ڈویلپمنٹ سمیت پانی کے منصوبوں پر خرچ کی جائیگی۔

ذرائع کے مطابق ایجنسیز کی جانب سے اب  تک16 ارب10  کروڑ کا قرض پنجاب حکومت کومل چکا ہے، پنجاب میں تعلیم، صحت اور انفراسٹرکچر کےمنصوبوں کے لئے قرض لیا گیا تھا اور غیر ملکی بینکوں میں عالمی بینک، ایشین ڈویلپمنٹ بینک، ڈیفیڈ بینک شامل ہیں اور  ایشین انویسٹمنٹ ڈویلپمنٹ ایجنسی و دیگر ایجنسیز بھی شامل ہیں۔

کورونا وائرس کی وبا سے پنجاب میں مالی بحران بڑھ گیا ہے اور پنجاب حکومت نے ترقیاتی منصوبوں پر مزید فنڈز کے اجرا پر پابندی عائد کر دی ہے، ذرائع کے مطابق  آئندہ سے کسی منصوبے اور محکمے کو ترقیاتی فنڈز جاری نہیں ہوں گے، منصوبوں کے لئے مختص موجودہ فنڈز اب دیگر انتظامی معاملات پرخرچ ہوں گے اور مختلف منصوبوں کیلئے مختص فنڈز اب زیادہ ترہیلتھ سیکٹر کو منتقل ہوں گے۔

دوسری جانب  ایشین ڈویلپمنٹ بینک (اے ڈی بی) نے پنجاب سے متعلق ایک تہلکہ خیز رپورٹ جاری کی ہے جس میں کہا گیا ہے کہ پنجاب  میں ایک کروڑ 12 لاکھ افراد بیروزگار ہو سکتے ہیں، کورونا وائرس سے پنجاب کو 23 کھرب روپے کا نقصان ہوگا۔

رپورٹ میں کہا گیا ہےکہ پنجاب میں غربت بڑھنے کا اندیشہ 54 فیصد  ہے، مکمل لاک ڈاؤن ہونے سے پنجاب میں غربت 34.3 فیصد بڑھ سکتی ہے، درمیانے درجے کے لاک ڈاؤن سے غربت 19.9 فیصد بڑھنے کا اندیشہ ہے۔

مزیدخبریں