سعدیہ خان, وقار گھمن: لاک ڈاون کے باوجود مارکیٹس میں کاروبار جاری، لاہوریے بنا خوف خطر بند شٹرز میں خریداری میں مصروف ہیں. لاک ڈان کے دوران حکومتی پابندی کے باوجود دکانداروں اور خریداروں کا غیر سنجیدہ رویہ کرونا خطرے کو بڑھانے کا باعث بن سکتا ہے.
لاہور کے بازاروں میں آجکل شٹرڈاون شاپنگ کا نیا ٹرینڈ چل پڑا، جزوی لاک ڈاون میں بھی تاجر باز آئے نہ خریدار، جی بھر کر شاپنگ ہو رہی ہے.شٹر اٹھاوُ , گاہک اندر لاوُ۔ شہر کے مختلف بازارون سمیت اچھرہ بازار میں بھی چوری چھپے خریدو فروخت جاری ہے۔ دکاندار شٹر اٹھا کر گاہک کو اندر بلا لیتے ہیں۔گاہک کے اندر داخل ہونے کے بعد شٹر بند کردیا جاتا ہے۔
ادھر لاہور کے معروف بازار اسلام پورہ میں بھی شٹر جزوی طور پر بند مگر گاہک دوکانوں کے اندر شاپنگ میں مصروف ہیں. دوکاندار شٹرز کھولتے گاہک کو دوکان کے اندر گھساتے اور پھر شٹرز بند کر دیتے ہیں. لاہوریے اپنے غیر سنجیدہ رویہ کی وجہ سے بنا خوف خطر شاپنگ کے مزے لوٹ رہے ہیں، ہر دوکان کے باہر سیلز مین گاہکوں کے انتظار میں رہتے ہیں.
دوکانداری اور کاروباری سرگرمیاں صبح 10 بجے سے شام ساڑھے چار بجے تک جاری رہتی ہیں, اس سارے عمل کے دوران پولیس خاموش تماشائی کا کردار ادا کررہی ہے۔ جبکہ مارکیٹوں میں تاجروں کی جانب سے مبینہ طور پر پولیس کو رشوت دیکر سارا کام کروانے کا الزامات بھی موجود ہیں۔
خیال رہے کہ ملک میں کرونا وائرس کے وار جاری ہیں ۔ این ڈی ایم اے کے مطابق ملک میں کورونا کے تصدیق شدہ کیسز کی تعداد 24 ہزار 073 تک پہنچ گئی، جبکہ گزشتہ چوبیس گھنٹوں میں 1523 نئے کیسز رپورٹ ہوئے۔ ملک بھر میں کرونا کے ایکٹو کیسز کی تعداد 17 ہزار 045 ہےجبکہ 6 ہزار 646 مریض اب تک مکمل طور پر صحتیاب ہوچکے ہیں.
نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر کے مطابق سندھ میں کورونا وائرس کیسز کی تعداد 8 ہزار 640 ہوگئی، پنجاب میں کورونا وائرس کے 9 ہزار 077 کیسز ہیں، خیبر پختونخوا میں کیسز کی تعداد 3712 اور بلوچستان میں 1495 ہے ،اسلام آباد میں 521، گلگت بلتستان میں 388 کیسز رپورٹ ہوئے۔ آزاد کشمیر میں کورونا وائرس کیسز کی تعداد 76 ہے.
کورونا وائرس سے گزشتہ چوبیس گھنٹوں میں 38 افراد جاں بحق ہوئے۔ مجموعی طور پر ہلاکتوں کی تعداد 564 ہوگئی۔