( شہباز علی ) پاکستانی ایمپائر علیم ڈار کا ایک اور اعزاز، 200 انٹرنیشنل میچز میں ایمپائرنگ کے فرائض انجام دینے کا اعزاز اپنے نام کرلیا۔
50 سالہ پاکستانی ایمپائر علیم ڈار نے آئرلینڈ میں جاری سہہ فریقی کرکٹ سیریز میں بنگلہ دیش اور ویسٹ انڈیز کے درمیان ایک روزہ میچ میں بطور ایمپائر اپنی ڈبل سنچری مکمل کرلی۔
انیس سال قبل سنہ 2000 میں گوجرانوالہ میں پاکستان اور سری لنکا کے درمیان میچ سے اپنے امپائرنگ کیرئیر کا آغاز کرنے والے علیم ڈار نے کہا کہ 200 ون ڈے میچز مکمل کرنا ایک اعزاز ہے۔
علیم ڈار نے اہم سنگ میل عبور کرنے پر اپنے بیان میں کہا کہ وہ آئی سی سی، پی سی بی اور پاکستانی عوام کے مشکور ہیں جنہوں نے ان پر اعتماد کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ جب تک فٹ ہوں ایمپائرنگ کرتا رہوں گا۔
علیم ڈار کے بطور ایمپائر 200 ون ڈے میچ مکمل ہونے پر پی سی بی نے ان کو مبارک باد دی ہے۔ ایم ڈٰی پی سی بی وسیم خان نے اپنے پیغام میں کہا کہ علیم ڈار نے ایمپائرنگ جیسے اہم اور قابل اعتماد شعبے میں نام کمایا۔ علیم ڈار 125 ٹیسٹ اور 43 ٹی ٹونٹی انٹرنیشنل میچوں میں بھی ایمپائرنگ کے فرائض انجام دے چکے ہیں۔