وزیر اعلیٰ پنجاب کی رمضان المبارک میں پرائس کنٹرول میکانزم کو مزید موثر بنانے کی ہدایت

7 Mar, 2023 | 06:23 PM

Bilal Arshad

ویب ڈیسک: وزیر اعلیٰ پنجاب محسن نقوی نے رمضان المبارک میں پرائس کنٹرول میکانزم کو مزید موثر بنانے کی ہدایت دے دی۔ 

 تفصیلات کے مطابق وزیر اعلیٰ پنجاب محسن نقوی کی زیر صدارت اعلیٰ سطح کا اجلاس طلب کیا گیا۔ اجلاس میں صوبائی وزیرصنعت ایس ایم تنویر، سیکرٹری زراعت، سیکرٹری صنعت،سیکرٹری خوراک، سیکرٹری لائیوسٹاک اور متعلقہ حکام نےشرکت کی۔سیکرٹری زراعت نے اجلاس میں دالوں،سبزیوں او رپھلوں کی طلب و رسد او رقیمتوں کے بارے میں بریفنگ دی۔

اجلاس میں وزیراعلیٰ محسن نقوی نے رمضان المبارک میں صوبے کے عوام کو اشیائے ضروریہ کی سستے داموں فراہمی کے لئے جامع پلان طلب کرلیا۔ محسن نقوی نے کہا کہ اشیائے ضروریہ کی قیمتو ں میں استحکام کے لئے ابھی سے بہترین حکمت عملی تیار کی جائے۔اس حوالے سے متعلقہ محکمے اشیائے ضروریہ کی طلب ورسد کے ساتھ قیمتوں میں استحکام کے لئے ورکنگ پلان مرتب کریں۔
 وزیراعلیٰ پنجاب نے مرغی کے گوشت کی قیمت کم کرنے کے لئے پولٹری ایسوسی ایشن کے ساتھ بات چیت کر کے قابل عمل تجویز پیش کرنے اور پرائس کنٹرول میکانزم کو مزید موثر بنانے کی ہدایت دے دی۔ 

محسن نقوی نے کہا کہ اشیائے ضروریہ کی قیمتوں میں زیادہ سے زیادہ کمی کاپلان بنایا جائے تاکہ عوام کو حقیقی ریلیف مل سکے۔پرائس کنٹرول کے موثر نظام کے ذریعے غریب آدمی کیلئے آسانیاں پیدا کی جائیں۔

مزیدخبریں