وزیر مملکت برائے پیٹرولیم نے عوام کو خوشخبری سنادی

7 Mar, 2023 | 09:14 AM

(مانیٹرنگ ڈیسک) وزیر مملکت برائے پیٹرولیم ڈاکٹر مصدق ملک نے کہا کہ روس سے تیل کی خریداری کیلئے معاملات جلد طے پا جائیں گے، روس سے تیل خریدنے کا پہلا آرڈر اپریل میں دیا جائے گا۔

اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے وزیر مملکت پیٹرولیم مصدق ملک نے کہا کہ ٹرانسپورٹیشن اور شپمنٹ پر بات ہو رہی ہے کیوں کہ ان کے ذخائر دور ہیں، وہاں سے پاکستان تک 20 سے 25 دن لگ جاتے ہیں، مارچ کے آخر تک ہماری طرف سے ڈیڈ لائن تھی اور جلد تمام معاملات کو حتمی شکل دے دی جائے گی۔

انہوں نے کہا کہ اپریل میں روس سے تیل خریدنے کا پہلا آرڈر دیا جائے گا جس کے بعد تسلسل سے سستا تیل ملتا رہے گا، گھریلو صارفین کیلئے کھانا بنانے کے اوقات میں گیس کی فراہمی کو یقینی بنایا جا رہا ہے جس میں صبح 6 سے 9 تک، دوپہر 12 سے 2 تک اور شام 6 سے رات 9 تک گیس کی لوڈشیڈنگ نہیں کی جائے گی۔

مصدق ملک نے مزید کہا کہ ملک کا قانون امیر، غریب سب کیلئے برابر ہونا چاہیئے، نوازشریف کو اپنے بیٹے سے تنخواہ نہ لینے پر ہٹایا گیا جبکہ عمران خان سب کو کہہ رہا ہے کہ میں طاقتور ہوں مجھ پر قوانین لاگو نہیں ہوتے، وہ ریاست مدینہ کے دعوے میں بھی دہرا معیار رکھتے ہیں، دوسروں کے بچوں کو جیل بھرنے کیلئے راغب کرتے ہیں اور خود گرفتاری سے ڈرتے ہیں۔

وزیر مملکت نے کہا کہ عمران خان نے سکولوں اور ہسپتالوں کیلئے مختص 250 ملین ڈالر ملک ریاض کو دے کر فرد واحد کو نوازا اور اسکے بدلے میں 450 کنال زمین حاصل کی، عمران خان لوگوں کو اداروں کے خلاف استعمال کر رہے ہیں اور ہجوم اکٹھا کر کے اداروں کو مرعوب کرنے کی کوشش کی جا رہی ہے، عمران خان کسے کہہ رہے ہیں کہ بات کرنے کو تیار ہوں۔

مزیدخبریں