عمر اسلم : پاکستان کے سابق صدر محمد رفیق تارڑ علالت کے بعد 92 برس کی عمر میں انتقال کر گئے۔سابق صدر کی نماز جنازہ آج بعد نماز عصر 4:45 پر جامعہ اشرفیہ لاہور پر ادا کی جائے گی۔
تفصیلات کے مطابق رفیق تارڑ جی او آر لاہور میں رہائش پذیر تھے ۔ مرحوم کچھ عرصہ سے سانس کے عارضہ میں مبتلا تھے ۔خاندانی ذرائع کےمطابق رفیق تارڑ کا جسد خاکی شام 4:15 پر ان کی رہائش گاہ 1 شانن روڈ، جی او آر 1 لاہور سے اٹھایا جائے گا۔ دوسری نماز جنازہ ان کے آبائی علاقے گکھڑ منڈی میں بعد نماز عشاء، پرانی عید گاہ، پیر کوٹ روڈ پر رات 8:30 بجے ادا کی جائے گی۔
محمد رفیق تارڑ 2 نومبر 1929 کو پیر کوٹ میں پیدا ہوئے۔ رفیق تارڑ 1989 سے 1991 تک لاہور ہائیکورٹ کے چیف جسٹس رہے، وہ 1991 سے 1994 تک سپریم کورٹ کے جج رہے۔رفیق تارڑ یکم جنوری 1998 سے 20 جون 2001 تک صدرِ پاکستان کے منصب پر فائز رہے۔ وہ پاکستان کے 9 ویں صدر تھے۔محمد رفیق تارڑ 1997 میں سپریم کورٹ کے جج کے طور پر ریٹائر ہونے کے بعد پاکستان مسلم لیگ نواز کے ٹکٹ پر سینیٹ کے رکن منتخب ہوئے۔ 1998 کے آغاز میں انہیں صدرِ پاکستان منتخب کیا گیا۔1999 میں جنرل پرویز مشرف کی طرف سے میاں نواز شریف کی حکومت کی برطرفی کے بعد انہیں عہدے سے نہیں ہٹایا گیا اور اس طرح وہ 2001 تک صدر رہے۔
رفیق تارڑ کے پوتے عطااللہ تارڑ اور بہو سائرہ افضل تارڑ ن لیگ کے اہم رہناؤں میں شمار کئے جاتے ہیں۔محمد رفیق تارڑ مسلم لیگ ن کے ڈپٹی سیکرٹری جنرل عطا اللہ تارڑ کے دادا تھے، عطااللہ تارڑ نے ٹوئٹر پر دادا کی وفات کی تصدیق کی۔
میرے دادا جان محمد رفیق تارڑ رضائے الٰہی سے انتقال کر گئے ہیں۔
— Attaullah Tarar (@TararAttaullah) March 7, 2022
انا للہ وانا اليہ راجعون
مسلم لیگ نن کے صدر شہباز شریف نے کہا کہ ہمارے لیے وہ ایک قابل احترام بزرگ کا درجہ رکھتے تھے جنہوں نے ہر مرحلے پر نہ صرف ہماری مخلصانہ راہنمائی فرمائی بلکہ اپنی دانش مندی، فہم وفراست اور بردباری سے معاملہ فہمی میں بھی ہمیشہ کلیدی کردار اد ا کیا۔
انہوں نے کہا کہ سابق صدر مملکت، ہمارے شفیق اور مہربان بزرگ، زیرک قانون دان، انصاف پسند جج اور نہایت اچھے انسان محترم رفیق تارڑ بھی رخصت ہوگئے۔ اللہ تعالی ان کے درجات بلند فرمائے۔ان کی وفات ایک ذاتی صدمہ ہے۔ ان کی کمی ہمیشہ ہر قدم پر محسوس ہوتی رہے گی۔ اللہ تعالی تمام وابستگان کو صبر جمیل دے۔ آمین۔
اپنی دانش مندی، فہم وفراست اور بردباری سے معاملہ فہمی میں بھی ہمیشہ کلیدی کردار اد ا کیا۔ ان کی وفات ایک ذاتی صدمہ ہے۔ ان کی کمی ہمیشہ ہر قدم پر محسوس ہوتی رہے گی۔ اللہ تعالی تمام وابستگان کو صبر جمیل دے۔ آمین
— Shehbaz Sharif (@CMShehbaz) March 7, 2022
مسلم لیگ ن کی رہنما مریم اورنگزیب نے بھی سابق صدر کی وفات پر گہرے دُکھ کا اظہار کیا اور کہا کہ رفیق تارڑ کی علم و دانش ، تاریخ ، قانون ا ورسیاست کے امور پر گہری دسترس سے ہمیشہ سب نے فیض پایا، نظریہ پاکستان کی سوچ کا تمام عمر پرچار کرتے رہے۔
انہوں نے کہا کہ سابق صدر ، جج اور ہمارے بزرگ محترم رفیق تارڑاللہ تعالی کو پیارے ہوگئے۔ اسلام اور مشرقی اقدار کا پیکر ، چھوٹوں پر شفقت اوربڑوں کا ادب ان کی شخصیت کا خاصہ تھا۔ بہت ملنسار، شفیق اور شگفتہ شخصیت کے مالک تھے۔
ان کی علم ودانش ، تاریخ ، قانون ا ورسیاست کے امور پر گہری دسترس سے ہمیشہ سب نے فیض پایا۔ نظریہ پاکستان کی سوچ کا تمام عمر پرچار کرتے رہے۔ اللہ تعالی ان کے درجات بلند فرمائے اور اہل خانہ کو صبر جمیل دے۔ آمین
— Marriyum Aurangzeb (@Marriyum_A) March 7, 2022