چیئرمین سینیٹ کا الیکشن، چودھری برادران نے بلاول کو جواب دیدیا

7 Mar, 2021 | 09:10 PM

Arslan Sheikh
Read more!

علی اکبر: چیئر مین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو کی ق لیگ کے قائدین سے ملاقات، چودھری شجاعت حسین کہتے ہیں بلاول ہمارے گھر آئے ان کی عزت کرتے ہیں، حکومتی اتحادی ہونے کے ناطے انہیں پہلے ہی یقین دہانی کروا چکے ہیں، یہ ہمارا شیوہ نہیں کہ کسی سے ایسا وعدہ کریں جو ہمارے اصولوں کے خلاف ہو۔       

مسلم لیگ کے صدر و سابق وزیراعظم چودھری شجاعت حسین اور سپیکر پنجاب اسمبلی چودھری پرویزالٰہی سے چیئرمین پیپلزپارٹی بلاول بھٹو زرداری نے ان کی رہائش گاہ پر ملاقات کی۔ بلاول بھٹو زرداری نے اپنی اور سابق صدر آصف علی زرداری کی جانب سے چودھری شجاعت حسین کی خیریت بھی دریافت کی اور نیک خواہشات کا اظہار کیا۔ 

ملاقات میں وفاقی وزیر طارق بشیر چیمہ، ارکان قومی اسمبلی مونس الٰہی، سالک حسین، حسین الٰہی اور پیپلزپارٹی کے رہنما قمر زمان کائرہ، سید حسن مرتضیٰ اور جمیل سومرو بھی شریک تھے۔ چودھری شجاعت حسین نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ حکومت کے اتحادی ہیں سینیٹ میں بھی ان کے ساتھ کھڑے ہیں۔ ملاقات میں ملکی سیاسی و معاشی صورتحال پر بھی تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔

اس سے قبل چئیرمین بلاول بھٹوزرداری نےمسلم لیگ ن کے رہنما حمزہ شہباز سے ماڈل ٹاؤن میں ملاقات کی تھی۔ ملاقات میں بلاول بھٹو زرداری نے حمزہ شہباز شریف کی استقامت سے جیل کاٹنے کی تعریف کی۔ بلاول بھٹو زرداری نے حمزہ شہباز سے کہاکہ جمہوریت کی سربلندی کےلئے آپکا کردار تاریخی ہے، انہوں نے پنجاب میں ن لیگ کو ہر طرح کے تعاون کی یقین دہانی بھی کرائی۔ بلاول کا مزید کہناتھا کہ  پنجاب میں تحریک عدم اعتماد پر پی ڈی ایم جو بھی فیصلہ کرے گی قبول کریں گے ۔ 

مزیدخبریں