(سعدیہ خان) مسلم لیگ ن کے رہنما حمزہ شہبازاورپیپلزپارٹی کےشریک چئیرمین بلاول بھٹوزرداری کی ماڈل ٹاؤن میں ملاقات ہوئی ،ملاقات میں بلاول بھٹو نے پنجاب میں ن لیگ کو ہر طرح کے تعاون کی یقین دہانی کرائی۔
تفصیلات کے مطابق پیپلزپارٹی کےشریک چئیرمین بلاول بھٹوزرداری نےمسلم لیگ ن کے رہنما حمزہ شہباز سے ماڈل ٹاؤن میں ملاقات کی،ملاقات میں بلاول بھٹو زرداری نے حمزہ شہباز شریف کی استقامت سے جیل کاٹنے کی تعریف کی ۔ بلاول بھٹوزرداری نے حمزہ شہباز سے کہاکہ جمہوریت کی سربلندی کےلئے آپکا کردار تاریخی ہے، بلاول بھٹو نے پنجاب میں ن لیگ کو ہر طرح کے تعاون کی یقین دہانی بھی کرائی ، بلاول کا مزید کہناتھا کہ پنجاب میں تحریک عدم اعتماد پر پی ڈی ایم جو بھی فیصلہ کرے گی قبول کریں گے ۔
بعدازاں میڈیا سے گفتگو کرتے حمزہ شہباز کا کہناتھا کہ اللہ کا شکر ادا کرتا ہوں بلاول بھٹو نے مجھے رہائی کی مبارکباد دی،انہوں نےبلاول بھٹو کو یوسف رضا گیلانی کی کامیابی کی مبارکباد دی، بلاول بھٹو زرداری سے کافی مسائل پر گفتگو ہوئی، آج غریب عوام کو ادویہ نہیں مل رہیں،کاٹن پروڈکشن آج کم ترین سطح پر ہے، گندم کی پیداوار بھی کم ہو گئی ہے۔
حمزہ شہبازکا مزید کہناتھا کہ بینظیر بھٹو نے جمہوریت کے لئے قربانی دی،میثاق جمہوریت سے بہت کچھ سیکھا،پارلیمنٹ میں گالم گلوچ ہوتی ہے،ان کا کہناتھا کہ کل پارلیمنٹ کے باہر جو ہوا وہ جمہوریت کے لئے اچھا نہیں، پی ڈی ایم کے پلیٹ فارم سے اہم فیصلے کریں گے۔