پی ڈی ایم کی پنجاب میں ان ہاؤس تبدیلی لانے کی تیاریاں

7 Mar, 2021 | 01:39 PM

Sughra Afzal

مال روڈ(سعدیہ خان)  پی ڈی ایم نے پنجاب میں اِن ہاؤس تبدیلی اور سینیٹر یوسف رضا گیلانی کو چئیرمین سینیٹ بنانے کیلئے تیاریاں شروع کردیں، چیئرمین بلاول بھٹو زرداری آج لاہور آئیں گے۔ 

ذرائع کے مطابق چیئرمین پیپلزپارٹی بلاول بھٹو کو اپوزیشن لیڈر پنجاب اسمبلی حمزہ شہباز نے ظہرانے کی دعوت پر بلایا، چیئرمین پیپلزپارٹی بلاول بھٹو آج رات اسلام آباد سے لاہورپہنچیں گے،حمزہ شہباز کی خصوصی دعوت پر بلاول بھٹو ماڈل ٹاؤن جائیں گے، جہاں حمزہ شہباز کی جانب سے چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری کو ظہرانہ دیا جائے گا۔

بلاول بھٹو ظہرانے کی دعوت پرحمزہ شہباز سے ملاقات  کریں گے، ملاقات میں حکومت مخالف تحریک اور پنجاب میں ان ہائوس تبدیلی لانے پر گفتگو ہوگی، جبکہ پی ٹی آئی کے ناراض ارکان سے رابطوں پر بھی تبادلہ خیال ہوگا، بلاول بھٹو اور حمزہ شہباز ماڈل ٹاؤن میں مشترکہ پریس کانفرنس بھی کریں گے۔

واضح رہے کہ اپوزیشن جماعتوں کے رہنماؤں نے تحریک انصاف کے ناراض اراکین سے رابطے کیے ہیں، قوی امکانات کا اظہار کیا جا رہا ہے کہ تحریک انصاف کو پنجاب میں دھچکا لگ سکتا ہے۔

 

مزیدخبریں