افسوسناک خبر، مسافر ٹرین کی بوگیاں کھائی میں جا گریں، جانی نقصان

7 Mar, 2021 | 09:59 AM

M .SAJID .KHAN

(سٹی42)کراچی سے لاہور آنے والی ٹرین سکھر کے قریب پٹڑی سے اتر گئی جس کے باعث ایک  مسافرخاتون جاں بحق جبکہ 20 مسافر زخمی ہوگئے۔

تفصیلات کے مطابق ایک  کے بعد ایک ٹرین کو حادثے کا شکار ہوگئی، کراچی سے لاہور آنے والی ٹرین سکھر کے قریب پٹڑی سے اتر گئی جس کے باعث ایک  مسافرخاتون جاں بحق جبکہ 20 مسافر زخمی ہوگئے۔لاش اور زخمیوں کو ہسپتال منتقل کر دیا گیا ۔ وزیر ریلوے اعظم خان سواتی  نے واقعہ کا نوٹس لے لیا، اعظم خان سواتی کا کہناتھا کہ کسی کی غفلت ہوئی تو برداشت نہیں کروں گا ۔ آئی جی ریلوے عارف نواز نے کہا 9 بوگیاں ڈی ریل ہوئیں ،پانچ کھائی میں جا گریں ۔ریلوے ٹریک کی بحالی میں وقت لگے گا۔

حادثے کے فوراً بعد اپ اور ڈاؤن ریلوے ٹریک بلاک ہو گئے اور کراچی سے لاہور اور لاہور سے کراچی جانے والی دیگر ٹرینوں کو مختلف ریلوے سٹیشنوں پر روک لیا گیا۔ریلوے حکام نے ٹرین کے مسافروں کو روہڑی ریلوے سٹیشن پہنچا دیا۔ریلوے حکام کا کہنا ہے حادثے کی وجہ کی تحقیقات کی جا رہی ہیں اور اس بارے میں فی الحال کچھ کہنا قبل از وقت ہو گا۔

واضح رہے کہ گزشتہ روز کراچی سے لاہور آنے والی شاہ حسین ایکسپریس ٹرین کے انجن پر پتھراؤ کیا گیا تھا ،ریلوے حکام نے انکوائری کا حکم دےدیا, پتھراؤ سے ٹرین ڈرائیور اور اسسٹنٹ بال بال بچ گئے،ٹرین پر پتھرائو عبد الحکیم ریلوے سٹیشن کے قریب کیا گیاتھا ، ذرائع ریلوے کا کہناتھا کہ ٹرین کراچی سے لاہور آ رہی تھی۔ٹرین ڈرائیور پتھراؤ  کی وجہ سے اگر زخمی ہوجاتے تو بڑا حادثہ پیش آسکتا تھا۔

دوسری جانب محدود ٹرین آپریشن کے باوجود حادثات کم نہ ہوسکے،گزشتہ سال 2020 میں 9 ماہ کے دوران 105 حادثات ہوئے تھے۔ حادثات میں ٹرینوں میں تصادم، آگ لگنے، ڈی ریلمنٹ اور مینڈ اور ان مینڈ لیول کراسنگ پر رونما ہوئے۔ جس کے نتیجہ میں 53 افراد جاں بحق اور 55 زخمی ہوئے۔ 9ماہ کے عرصے میں 56روز تک ٹرین آپریشن بند رہا۔حادثات کے انفراسٹکچر اور رولنگ سٹاک کی تباہی سے ریلوے کو کروڑوں روپے کا نقصان ہوا۔

مزیدخبریں