سکول ایجوکیشن نے اساتذہ سے درخواستیں طلب کرلیں

7 Mar, 2020 | 04:02 PM

M .SAJID .KHAN

(جنید ریاض) معلم کے بغیر درس گاہوں کا تقدس بالکل ایسا ہی ہے، جیسا کہ ماں کے بغیر گھر، ایک معلم سیکھنے کے عمل میں انتہائی موثر و مستند راہبر ثابت ہوتا ہے،ڈسٹرکٹ ایجوکیشن اتھارٹی نے لاہور کے سکولز کےلئے اساتذہ سے درخواستیں مانگ لیں۔

تفصیلات کے مطابق ہر شعبہء زندگی میں افراد کی روز افزوں ضرورت کو پورا کرنے کے لیے بنیادی تعلیم و تربیت کی ذمہ داری معلم یا مدرّس پرعائد ہوتی ہے،سرکاری تعلیمی اداروں میں اساتذہ کو جوتنخواہیں دی جاتی ہیں وہ ان کی اپنی تعلیمی قابلیت اور اوقاتِ کار کے لحاظ سے دوسرے شعبوں سے زیادہ نہیں تو کم بھی نہیں ہیں۔

مگر کچھ ادارے ایسے بھی ہیں جہاں اساتذہ تین تین ماہ سےتنخواہ سے محروم ہیں،لاہور میں انصاف سکول میں پڑھانے والے اساتذہ کو معاوضوں کی عدم ادائیگی  سے پریشان ہیں جس پر کچھ سکول کو خیر آباد کہہ گئے جس سے انصاف سکول میں پڑھانے والےاساتذہ کم پڑ گئے،ڈسٹرکٹ ایجوکیشن اتھارٹی نے لاہور کے 7 انصاف سکولوں میں اساتذہ کی کمی کو پورا کرنے کےلئے درخواستیں مانگ لیں۔

ذرائع کا کہناتھا کہ  انصاف سکول میں پڑھانے والے اساتذہ کو معاوضوں کی عدم ادائیگی کے باعث اساتذہ کم پڑ گئے،ڈسٹرکٹ ایجوکیشن اتھارٹی نے لاہور کے 7 انصاف سکولوں میں پڑھانے کےلئے اساتذہ سے درخواستیں مانگی ہیں،مذکورہ سکولوں میں گورنمنٹ گرلزپرائمری سکول ہلوکی، سادوکی ، حویلی نتھو والی ، حویلی کاہلو والی ، شریف پارک ، چونگی امرسدھو اورفرید کالونی کے سکول شامل ہیں۔

پنجاب ٹیچرزیونین کا کہنا ہے کہ انصاف سکول میں معاوضوں کی عدم ادائیگی کے باعث اساتذہ تعیناتی کےلئے تیار نہیں،جس پرسکول ایجوکیشن کا کہنا ہے کہ اساتذہ کی ادائیگی کےلئے فنڈز جاری کردیئے ہیں، ادائیگی کا مسئلہ جلد حل کرلیا جائے گا۔

واضح رہے کہ ڈسٹرکٹ ایجوکیشن اتھارٹی لاہور  نے کرایے کی 100بلڈنگز میں  انصاف سکول پروگرام شروع کرنےکےلئے 20 کروڑ   91 لاکھ روپے جاری کئے تھے،  مذکورہ سکولوں کا آغاز نئے تعلیمی سال سے کیا گیا۔

مزیدخبریں