4 سالہ ڈگری پروگرامز کی منظوری میں بے ضابطگیاں، ریویو کمیٹی تشکیل

7 Mar, 2020 | 12:36 PM

Sughra Afzal

(ریحان گل) پرائیوٹ کالجز میں چار سالہ ڈگری پروگرامز کی منظوری میں بے ضابطگیوں کی شکایات، محکمہ ہائیر ایجوکیشن نے بے ضابطگیوں کا جائزہ لینے کے لیے ریویو کمیٹی تشکیل دے دی۔

محکمہ ہائیر ایجوکیشن پنجاب کی جانب سے گزشتہ سال دو سالہ بی اے، بی ایس سی پروگرام ختم کرکے چار سالہ بی ایس پروگرام شروع کرنے کی ہدایت کی گئی تھی، جس کےبعد تمام نجی کالجز کو مذکورہ پروگرام کی شرائط مکمل کرنے کا کہا گیا۔

ذرائع کے مطابق پرائیوٹ کالجز کو چار سالہ بی ایس پروگرام چلانے کی منظوری دینے میں بے ضابطگیوں کی شکایات سامنے آئی ہیں، محکمہ ہائیر ایجوکیشن کی شرائط کو پورا کیے بغیر ہی منظوریاں دی گئی ہیں، جس پرسیکرٹری ہائیرایجوکیشن ساجد ظفر ڈال نے اعلیٰ افسران پر مشتمل ریویو کمیٹی تشکیل دے دی ہے، ایڈیشنل سیکرٹری کالجز ریویو کمیٹی کے سربراہ ہوں گے، جبکہ ڈائریکٹر پنجاب ہائیر ایجوکیشن کمیشن اور ڈی پی آئی کالجز پنجاب کمیٹی کے ممبر ہوں گے۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ ریویو کمیٹی منظورکیے جانے والے تمام کیسز کا ازسر نو جائزہ لے گی اور پرائیوٹ کالجز کے دورے کے لیے سب کمیٹیز تشکیل دے گی تاکہ کالجز میں موجود سہولیات کو چیک کیا جاسکے، اس مقصد کے لیے کمیٹی نے چار سالہ بی ایس پروگرام کرانے والے تمام پرائیوٹ کالجز کا ڈیٹا طلب کرلیا ہے،ریویو کمیٹی 30 اپریل تک اپنی رپورٹ سیکرٹری ہائیر ایجوکیشن کوجمع کرائے گی۔

مزیدخبریں