(زین مدنی ) ڈرامہ نگار خلیل الرحمان قمر کا کہنا ہے کہ مجھ پر تنقید کرنے والے اپنی خواتین کو متنازعہ تحریروں والے بینر تھما کر تصویر بنوائیں میں معافی مانگ لوں گا۔
خلیل الرحمان قمر نے ٹوئٹر پر ماروی سرمد کے لیے استعمال کیے گئے الفاظ پر معافی کا مطالبہ کرنے والوں کو جواب دیتے ہوئے دو تصاویر ٹویٹر پر شیئر کیں اور ساتھ ہی انہوں نے یہ بھی کہا کہ مجھ پر تنقید کرنے والے پہلے اپنی ماں، بہن اور بیٹی کو یہ بینرز پکڑا کر ایک تصویر اپنے اکانٹ سے عورت مارچ کا ہیش ٹیگ استعمال کرتے ہوئے ٹویٹس کریں۔
انہوں نے یہ بھی کہا کہ اگر وہ لوگ یہ کرتے ہیں تو میں اپنے الفاظ واپس لیتے ہوئے نہ صرف معافی بلکہ عورت مارچ کی حمایت کرنے کو تیار ہوں، اگر یہ نہیں کرسکتے تو مجھ سے بغض پرے رکھ کر سوچو کیا میں ٹھیک نہیں؟ خلیل الرحمان قمر نے اپنی ایک اور ٹویٹ میں تنقید کرتے ہوئے کہا کہ چند خواتین غیر ملکی اور غیر اسلامی ایجنڈے کے تحت مسلم خواتین کی تذلیل کا سبب بن رہی ہیں لیکن افسوس کہ چند اداکارائیں ان کی حمایت میں میرے خلاف اس لیے بول رہی ہیں کیونکہ میں ان کو یہ کہہ کر رد کرچکا تھا کہ میرے لکھے ڈرامے اور ان کی شخصیت میں مماثلت نہیں، اس لیے میرا قلم میری مرضی کیوں نہیں؟
مصنف و ڈرامہ نگار خلیل الرحمان قمر نے چند اینکرز پرسن پر برہمی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ میرا جسم میری مرضی کی حمایت کرنے والے اینکرز کی بہنوں کی تصویریں گوگل سے بھی نہیں ملتیں، اپنی بہنوں کو گھروں میں قید کیا ہے، ان پر پابندیاں لگاتے ہیں لیکن دوسروں کی بہن بیٹیوں کو ورغلاتے ہیں۔