سٹی42: گرین شرٹس آئی سی سی ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ کا سب سے زیادہ کراؤڈ پلر میچ کھیلنے کے لئے نیویارک پہنچ گئے۔ پاکستان اور بھارت کے درمیان ورلڈ کا کا سب سے زیادہ مقبول میچ اتوار 9 جون کو نیویارک کی "بیٹر کِلر" وکٹ پر ہو گا۔ آج جمعہ کی شب تک اس وکٹ نے چھوٹے بڑے ہر بیٹر کو دن میں تارے دکھائے ہیں۔
گرین شرٹس نے ڈیلاس میں اپنا پہلا میچ جمعرات کی شب امریکہ کے ساتھ کھیلا جو ہم ہار گئے۔ بھارت نے اپنا پہلا گروپ میچ نیویارک کی خطرناک وکٹ پر آئرلینڈ سے بدھ کے روز کھیلا تھا جو بھارت جیت گیا۔آج پاکستان کرکٹ ٹیم ڈیلاس سے نیویارک پہنچ گئی، بھارت کی ٹیم پہلے ہی یہاں موجود ہے۔
پاکستانی ٹیم 4 گھنٹے سفر کر کے نیویارک پہنچی ہے۔ نیویارک کی خطرناک وکٹ پر گرین شرٹس کو آئی سی سی ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کے 2 میچ کھینا ہیں۔
9 جون کو گرین شرٹس روایتی حریف بھارت سے پنجہ لڑائیں گے اور 11 جون کو وہ کینیڈا سے میچ کریں گے۔
دل چسپ امر یہ ہے کہ پاکستان کے سامنے آنے والی دونوں ٹیمیں نیویارک کی خطرناک "بیٹر کِلر پچ" پر ایک ایک میچ کھیل کر جیت چکی ہیں جبکہ پاکستان پر اس وکٹ کا پہلا ایکسپوژر اتوار کے روز ہی ہو گا۔
پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیئرمین محسن نقوی بھی پاکستان اور بھارت کا میچ دیکھنے کیلئے نیویارک پہنچ چکے ہیں، وہ اہم میچ سے قبل پاکستانی ٹیم سے ملاقات کریں گے اور ان کی حوصلہ افزائی کریں گے۔
ناقابلِ پیشگوئی وکٹ پر ناقابل تصور نتائج
نیویارک کی پچ پر آج جمعہ کے روز آئی سی سی ٹی ٹوینٹی ورلڈ کپ کا تیسرا میچ آئرلینڈ اور کینیڈا کے درمیان کھیلا جا رہا ہے۔ اس میچ میں کینیڈا کی اننگز میں پہلی مرتبہ یہ ہوا کہ کوئی ٹیم 100 رنز سے زیادہ سکور کرنے میں کامیاب ہوئی۔ اس کے جواب میں اب تک آئرلینڈ کی ٹیم اب تک ہونے والے 15 اوورز میں صرف 75 رنز بنا پائی ہے حالانکہ میچ سے پہلے کرکٹ کے پنڈت آئرلینڈ کو اس میچ کی فیوریٹ ٹیم قرار دے رہے تھے اور ٹاس جیت کر کینیڈا کو بیٹنگ دینے کے بعد یہ تاثر مزید پختہ ہوا تھا۔ لیکن پچ کے ان پریڈکٹ ایبل رویہ نے کینیدا کے بیٹرز کو تو مشکات مین ڈالا ہی تھا، آئرلینڈ کی بیٹنگ لائن کا تو بھرکس ہی نکال ڈالا ہے۔
سری لنکا کی گرگِ باراں دیدہ ٹیم 3 جون کو نیویارک کی "بیٹر کِلر وکٹ" پر صرف 77 رنز بنا کر آؤٹ ہو گئی تھی اور جنوبی افریقہ کی جلیل القدر بیٹرز سے بھری ٹیم کو اس معمولی ہدف کا تعاقب کرنے کے لئے 16.2 اوورز تک وکٹ پر ایڑیاں رگڑنا پڑی تھیں۔
بدھ کے روز، بزعمِ خود متوقع ورلڈ چیمئین انڈیا کی ٹیم نے نیویارک کی اس پچ پر نے آئرلینڈ کو 96 رنز پر آؤٹ کیا اور ساؤتھ افریقہ کی نسبت انڈیا کو 86 رنز کے ہدف کا تعاقب کرنے میں قدرے کم دشوری ہوئی لیکن روہت شرما اوپر اٹھتی گیند کی ضرب سے زخمی ہوگئے تھے اور انہیں ریٹائرڈ ہرٹ ہو کر پویلین واپس جانا پرا تھا۔ رشبھ پنت کو بھی ایسی ہی اٹھتی ہوئی گیند کہنی پر لگی تھی تاہم انہیں کھیل چھوڑ کر واپس نہیں بھیجنا پڑا تھا۔ آئرلینڈ اور کینیڈا کے بیٹرز کی آج درگت بننے کے بعد اس خطرناک پچ کی بیٹرز کے لئے ہلاکت آفرینی کا تاثر مزید پکا ہو گیا ہے اور اس وکٹ پر ایک دن کے وقفہ کے بعد پاکستان اور بھارت آمنے سامنے آئیں گے تو دونوں ٹیموں کے مایہ ناز بیٹر اندر سے یقیناً کانپ رہے ہیں گے اور مخالف باؤلروں سے زیادہ اس وکٹ سے خوفزدہ ہوں گے۔