علی ساہی: آئی جی پنجاب عثمان انور سے امریکی سفارت خانے کے پولیس ایڈوائزر ایڈ پریسٹن نے ان کے آفس میں ملاقات کی۔ ملاقات میں انسداد جرائم،پبلک سیفٹی اور انفراسٹرکچر کی ترویج میں باہمی تعاون بڑھانے پر اتفاق ہوا۔پنجاب پولیس کے ٹریننگ نصاب کو انفارمیشن شیئرنگ اور باہمی تعاون سے ری ڈیزائن کیا جائے گا۔
تفصیلات کے مطابق امریکی ایمبیسی کے انٹرنیشنل نارکوٹکس اینڈ لاء انفورسمنٹ افیئرز سیکشن سے منسلک مسٹر ایڈ پریسٹن نے آئی جی پنجاب سے ملاقات کی ۔
آئی جی پنجاب نے ڈیش بورڈ پر پنجاب پولیس کی جدید ایپلی کیشنز اوردیگر پراجیکٹس کےمتعلق آگاہ کیا۔ ڈاکٹر عثمان انور نے کہا انسداد جرائم کیلئے پنجاب پولیس کو جدید ٹیکنالوجی، پیشہ وارانہ تربیت اور ساز و سامان کی فراہمی یقینی بنائی جائے گی۔امریکی پولیس کے تجربے سے استفادہ کرتے ہوئے پنجاب پولیس کےتربیتی میکانزم اور انفراسٹرکچر کو اپ گریڈ کیاجائے گا۔
مسٹر ایڈ پریسٹن نے کہا جرائم کنٹرول کرنےکیلئے انفارمیشن ٹیکنالوجی کے موثر استعمال کو قابل ستائش قرار دیا۔ اور کہامنشیات کے قلع قمع اور انسداد جرائم میں پنجاب پولیس کیساتھ مشترکہ اقدامات کو یقینی بنایا جائے گا۔
ملاقات کے اختتام پر آئی جی پنجاب اور امریکی ایڈوائزر کے مابین یادگاری سووینئرز کا تبادلہ بھی کیا گیا۔