ہمارا واٹس ایپ چینل جوائن کریں

انتحابات قومی مسئلہ، 14 مئی کوالیکشن کےفیصلہ پرعملدرآمدممکن نہیں, چیف جسٹس

Supreme Court of Pakistan hearing on Review Petitions on Punjab election verdict, City42
کیپشن: File Photo
سورس: google
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

امانت گشکوری:  سپریم کورٹ آف پاکستان میں پنجاب انتخابات فیصلے کیخلاف الیکشن کمیشن کی نظرثانی درخواست پر سماعت شروع ہو گئی۔

  پنجاب انتخابات فیصلے کیخلاف الیکشن کمیشن کی نظرثانی درخواست پر سماعت اور سپریم کورٹ ریویو آف ججمنٹ اینڈ آرڈر ایکٹ کیخلاف کیس بھی شروع ہو گیا۔  چیف جسٹس آف پاکستان جسٹس عمر عطا بندیال کی سربراہی میں تین رکنی بنچ سماعت کر رہا ہے۔ جسٹس اعجازالاحسن اور جسٹس منیب اختر  تین رکنی بنچ کا حصہ ہیں۔

 کیس کی سماعت شروع کرتے ہوئے ،چیف جسٹس پاکستان نے ریمارکس دیئے کہ اٹارنی جنرل صاحب ایکٹ کیخلاف کیس میں نوٹس جاری کر دیتے ہیں، سپریم کورٹ ریویو آف ججمنٹ اینڈ آرڈر ایکٹ میں نوٹس کے بعد الیکشن والا کیس سنیں گے، علی ظفر صاحب آپ بھی ریویو ایکٹ پر اپنا نقطہ نظر بتا دیں۔

 چیف جسٹس کی جانب سے اجازت ملنے کے بعد وکیل تحریک انصاف علی ظفر نے دلائل دیتے ہوئے کہا کہ سپریم کورٹ ریویو ایکٹ آئین کیخلاف ہے، پریکٹس اینڈ پروسیجر ایکٹ میں بھی یہی معاملہ اٹھایا گیا تھا، سپریم کورٹ نے پریکٹس اینڈ پروسیجر ایکٹ پر حکم امتناع دے رکھا ہے، سپریم کورٹ پریکٹس اینڈ پروسیجر ایکٹ کا حکم امتناع سپریم کورٹ ریویو ایکٹ پر بھی لاگو ہوتا ہے، سپریم کورٹ پنجاب انتخابات نظرثانی کیس کو بغیر لارجر بنچ بنائے سن سکتی ہے، سپریم کورٹ ریویو ایکٹ حکم امتناع کی وجہ سے اس عدالت پر ابھی لاگو نہیں ہوتا، عدالت انتخابات نظر ثانی کا فیصلہ ریویو ایکٹ کے فیصلے تک روک سکتی ہے، پنجاب انتخابات نظرثانی کیس میں دلائل تقریبا مکمل ہو چکے ہیں اس لیے کیس مکمل کر لینا چاہیے۔

 جسٹس منیب اختر نے ریمارکس دیئے کہ اگر ریویو ایکٹ ہم پر لاگو ہوتا ہے تو الیکشن کمیشن کے وکیل کو لارجر بنچ میں دوبارہ سے دلائل کا آغاز کرنا ہوگا، عدالت کیسے پنجاب انتخابات کیس سنے اگر سپریم کورٹ ریویو ایکٹ نافذ ہو چکا ہے؟ آپ بتائیں کہ کیسے ہم پر سپریم کورٹ ریویو ایکٹ پنجاب انتخابات نظرثانی کیس میں لاگو نہیں ہوتا؟

 چیف جسٹس پاکستان نے پنجاب انتخابات سے متعلق بات کرتے ہوئے کہا کہ انتحابات ایک قومی مسئلہ ہے، 14 مئی کے فیصلے پر عملدرآمد ممکن نہیں مگر یہ فیصلہ تاریخ بن چکا، عدالتی فیصلہ تاریخ میں رہے گا کہ 90 روز میں انتخابات لازمی ہیں، سب چاہتے ہیں کہ پنجاب انتخابات نظر ثانی کیس کا فیصلہ ہو، الیکشن کمیشن کے وکیل نے یہ دلیل دی کہ نظرثانی میں وسیع تر اختیارات ہیں، اپیل کی بھی کچھ حدود ہوتی ہیں، پنجاب انتخابات نظر ثانی کیس نیا نہیں ہے اس پر پہلے بحث ہو چکی، الیکشن کمیشن کے وکیل کے دلائل نظرثانی کا دائرہ کار بڑھانے پر تھے، اگر پنجاب انتخابات نظرثانی کیس لارجر بنچ میں جاتا ہے تو الیکشن کمیشن کے وکیل دلائل وہیں سے شروع کر سکتے ہیں، دیکھنا تو یہ تھا کہ کیا انتخابات 90 روز سے آگے بڑھائے جا سکتے ہیں، کیا 9 مئی کے واقعات کے بعد بننے والے حالات وہ ہیں جو آئین میں انتخابات میں التوا کیلئے درج ہیں؟ ہر کام تشدد اور زور زبردستی سے نہیں ہو سکتا۔

 پی ٹی آئی کے وکیل بیرسٹر علی ظفر کا پنجاب انتخابات نظر ثانی کیس کا فیصلہ کرنے کی استدعا کرتے ہوئے دلائل دیئے کہ جو بھی حالات یا دلائل ہوں، عدالت پنجاب انتخابات نظر ثانی کیس کا فیصلہ جلد کرے، 15 مئی کی رات مجھے لگا کہ آئین کا انتقال ہوگیا، 15 مئی کو انتخابات کی معینہ مدت اور سپریم کورٹ کے فیصلے کی توہین ہوئی، ہر دن مجھے محسوس ہوتا ہے کہ آئین کا قتل ہو چکا، وزیراعظم اور چیف جسٹس پاکستان سمیت سب نے آئین کی پاسداری کا حلف اٹھا رکھا ہے، الیکشن کمیشن کے وکیل جو بھی دلائل دیں اس سے حقیقت تبدیل نہیں ہوگی، جب ریویو ایکٹ پاس ہوا تو میں نے سینیٹ میں کہا کہ کیسے آئین سے متصادم قانون بنا رہے ہیں؟ سینیٹ سے 5 منٹ میں یہ ریویو ایکٹ پاس ہوا بحث بھی نہیں ہوئی، آرٹیکل 184 تین میں ترامیم اچھی ضرور ہیں لیکن یہ تبدیلی صرف آئینی ترمیم سے ہی ممکن ہے،  عدلیہ کی آزادی سے متعلق قوانین صرف آئینی ترمیم سے بنائے جا سکتے ہیں۔

 پی ٹی آئی کے وکیل کے دلائل سننے کے بعد چیف جسٹس کا کہنا تھا کہ یعنی آپ کے خیال میں حکومت نے آرٹیکل 184 تین میں اپیل کا حق دیا جو خلاف آئین ہے۔ جس پر بیرسٹر علی ظفر نے جواب دیا کہ جو نکات مرکزی کیس میں نہیں اٹھائے گئے وہ نظرثانی میں نہیں لائے سکتے۔چیف جسٹس نے جواب دیتے ہوئے کہا کہ اس قانون میں آرٹیکل 184 تین سے متعلق اچھی ترامیم ہیں، صرف ایک غلطی یہ کی کہ آرٹیکل 184 تین پر نظرثانی کو اپیل قرار دے دیا۔