(جنید ریاض)بدترین گرمی اور انرجی بحران، گرمی کے باوجود فنی تعلیمی اداروں میں رواں سال دو ماہ کی بجائے صرف ایک ماہ کی چھٹیاں ہوں گی، چھٹیاں شروع نہ ہونے پر طلباء پریشانی سے دوچارہیں۔
تفصیلات کےمطابق بدترین گرمی اورانرجی بحران کے باوجود فنی تعلیمی اداروں میں رواں سال دو ماہ کی بجائے صرف ایک ماہ کی چھٹیاں دی جائیں گی۔ چھٹیوں کا آغاز آئندہ ماہ سے ہوگا،ایک ماہ سے بھی کم چھٹیاں ملنے پر طلباء پریشانی سے دوچارہیں۔
طلباء کا کہنا ہے کہ فنی تعلیمی اداروں میں مسلسل لوڈشیڈنگ اور جنریٹر کا انتظام بھی نہیں کیا گیا۔ ٹیکنیکل تعلیمی اداروں میں بھی دیگر تعلیمی اداروں کی طرح 2 ماہ کی چھٹیاں دی جائیں۔
والدین کا کہنا ہے کہ بچوں کے لئےسخت گرمی میں کلاسز لینے جانا انتہائی مشکل ہے۔ فنی تعلیمی اداروں کا کہنا ہے کہ ٹیکنیکل کورسز طلباء کو ہنرمند بناتے ہیں جو پورا سال جاری رہتے ہیں۔