سرکاری ملازمین کیلئے خوشخبری، ہفتے میں 2 تعطیلات منظور

7 Jun, 2022 | 02:48 PM

(مانیٹرنگ ڈیسک) سرکاری ملازمین کیلئے اہم خبر، وفاقی کابینہ نےہفتے کی چھٹی بحال  کرنے اور سرکاری افسران کیلئے 40 فیصد فیول کٹوتی کی منظوری دیدی۔

ہفتے میں دو سرکاری تعطیلات  منظور

وزیراعظم میاں محمد شہبازشریف کی زیرصدارت وفاقی کابینہ کا اجلاس ہوا جس میں ملک میں بجلی کی بدترین لوڈشیڈنگ اور اس پر قابو پانے کے لیے مختلف طریقوں پر غور کیا گیا۔ 

ذرائع کا کہناہے کہ وفاقی حکومت نے توانائی بحران پر قابو پانے کیلئے ہفتے میں دو سرکاری تعطیلات کرنے کا اصولی فیصلہ کیا جس کی کابینہ نے منظوری دے دی  جبکہ بازاروں کی جلد بندش سے متعلق سب کمیٹی بنانے کا فیصلہ کرلیا۔ 

وزراء اور سرکاری ملازمین کے پیٹرول میں 40 فیصد کٹوتی کی منظوری 

ذرائع کےمطابق کابینہ نے  وزراء اور سرکاری ملازمین کے پیٹرول میں 40 فیصد کٹوتی کی منظوری  بھی دے دی ہے۔

دوسری جانب کابینہ اجلاس میں اقتصادی رابطہ کمیٹی کے تین جون کے فیصلوں کی توثیق ہوگی اور پاور ڈویژن کی جانب سے لوڈشیڈنگ سے متعلق پلان پیش کیا جائے گا۔

واضح رہے کہ شہبازشریف نے جب وزیراعظم کا منصب سنبھالا تو انہوں نے آتے ہی سب سے پہلے ہفتے کی چھٹی ختم کرنے کا اعلان کیا اور ساتھ ہی سرکاری اداروں کے کام کے اوقات کار بھی بڑھا دیئے تھے ۔

کابینہ اراکین کے بیرون ملک علاج پر بھی پابندی 

کابینہ اجلاس کے بعد میڈیا بریفنگ میں وفاقی وزیر اطلاعات مریم اورنگزیب نے بتایا کہ اس وقت بجلی کی طلب اور رسد کے درمیان فرق ہے، بجلی کی طلب 28400 میگاواٹ ہے جب کہ دستیاب بجلی 25600میگاواٹ ہے،  15 جون تک بجلی کی لوڈشیڈنگ ساڑھے تین گھنٹے پر آجائے گی۔

وزیر اطلاعات نے بتایا کہ ضروری دوروں کے علاوہ حکومتی افسران کے بیرون ملک دوروں پر پابندی عائد  کردی ہے جبکہ حکومتی افسران اور کابینہ اراکین کے بیرون ملک علاج پر بھی پابندی لگادی گئی ۔


 

 

مزیدخبریں