ویب ڈیسک: وزیراعظم شہباز شریف نے سابق قبائلی علاقوں سے دریافت ہونے والی گیس کو فوری طور پر عوام کے لیے فراہم کرنے کا حکم جاری کردیا۔
تفصیلات کے مطابق وزیراعظم سے فوجی فاؤنڈیشن گروپ کے چیئرمین وقار احمد ملک اور ماڑی پٹرولیم کے سربراہ فہیم حیدر نے ملاقات کی۔ اس موقع پر وزیراعظم کو شمالی وزیرستان، بنوں میں نئے دریافت ہونے والے ذخائر سے متعلق تفصیلی بریفنگ دی گئی۔ ملاقات میں وزیر مملکت برائے پٹرولیم سینیٹر ڈاکٹر مصدق ملک اور سیکرٹری پٹرولیم بھی موجود تھے۔
وزیراعظم شہباز شریف نے گیس کے شعبے کی مجموعی صورت حال سمیت طلب اور رسد پر بریفنگ لینے کے بعد دریافت شدہ گیس فوری طور پر عوام کو فراہم کرنے کی منظوری دیتے ہوئے ہدایات جاری کیں کہ یہ ذخائر عوام کو گیس کی قلت سے نجات دلانے کے لیے استعمال میں لائے جائیں۔
وزیراعظم نے کہا کہ متعلقہ علاقوں کے عوام کو دریافت شدہ گیس کے ثمرات فراہم کیے جائیں۔ اس سلسلے میں انہوں نے علاقے کی ترقی، سماجی بہبود، تعلیم و صحت کے حوالے سے سفارشات طلب کرلیں۔ شہبازشریف نے متعلقہ حکام کو ہدایت کی کہ جن علاقوں سے گیس دریافت ہوئی ہے، وہاں کے عوام اور بچوں کو کیا ملے گا، اس سلسلے میں فوری طور پر پلان مرتب کرکے پیش کیا جائے۔
واضح رہے کہ خیبر پختون خوا کے علاقے بنوں سے ایک ٹریلین کیوبک فٹ گیس کے ذخائر دریافت ہوئے تھے۔