گستاخانہ بیان پر بی جے پی ترجمان سے متعلق اہم خبر

7 Jun, 2022 | 11:34 AM

ویب ڈیسک:بھارتیہ جنتا پارٹی ( بی جے پی) کی جانب سے گستاخانہ بیان پر معطل کی جانے والی ترجمان نوپور شرما کو ممبئی پولیس نے طلب کرلیا۔

بھارتی میڈیا رپورٹ کے مطابق ممبئی پولیس کے کمشنر سنجے پانڈے نے کہا کہ بی جے پی کی معطل رہنما نوپور شرما کو توہین آمیز بیان کے الزام میں درج ایف آئی آر کے سلسلے میں اپنا بیان ریکارڈ کرنے کے لیے طلب کیا ہے۔

ممبئی پولیس ہیڈکوارٹر میں ایک پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے سنجے پانڈے نے کہا کہ ’پائیدھونی پولیس اسٹیشن میں نوپور شرما کے خلاف پہلے ہی ایف آئی آر درج کی گئی تھی، ہم اُنہیں قانون کے مطابق بیان ریکارڈ کرنے کے لیے بلائیں گے اور قانونی طریقہ کار پر عمل کیا جائے گا۔

بی جے پی کی معطل نوپور شرما کو 5 جون کو پیغمبرِ اسلام ﷺ کے خلاف مبینہ طور پر توہین آمیز ریمارکس پر بی جے پی سے معطل کر دیا گیا تھا۔

دوسری جانب گستاخانہ بیان پر بھارت اور بیرون ملک غم و غصے کا اظہار کیا جارہا ہے جبکہ عرب ممالک میں ’بائیکاٹ انڈیا‘ مہم بھی چل پڑی۔غیر ملکی میڈیا کی رپورٹ کے مطابق مصر، سعودی عرب اور کویت میں بائیکاٹ انڈیا کی مہم شروع ہوگئی ہے۔

واضح رہے کہ بی جے پی ترجمان نوپور شرما نے ایک ٹی وی چینل پر اسلام اور پیغمبرِ اسلام حضرت محمدﷺ کی شان اقدس میں گستاخانہ گفتگو کی تھی۔


 

مزیدخبریں