عثمان بزدار اچانک اسلام آباد کیوں گئے؟ تفصیلات سامنے آگئیں

7 Jun, 2021 | 05:26 PM

M .SAJID .KHAN

(قذافی بٹ)وزیراعلیٰ پنجاب کی ایک بار پھراسلام آباد طلبی،عثمان بزدار وزیراعظم سے ملاقات کے لئے خصوصی طیارے کے ذریعہ اسلام آباد پہنچ گئے۔

تفصیلات کے مطابق وزیر اعلیٰ پنجاب عثمان بزدار لاہور سے اسلام آباد پہنچ گئے،عثمان بزدار خصوصی طیارے کے ذریعے اسلام آباد پہنچے،ذرائع کے مطابق وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار وزیراعظم عمران خان کی زیر صدارت میں پولیو کے خاتمے سے متعلق قومی ٹاسک فورس کے اجلاس میں شرکت کریں گے، علاوہ ازیں وزیراعلیٰ  پنجاب عثمان بزدار وزیراعظم عمران خان کی زیر صدارت میں قومی اقتصادی کونسل کے اجلاس میں بھی شریک ہوں گے۔

ذرائع ابلاغ کے مطابق  وزیراعلی پنجاب عثمان بزدار  وزیراعظم سے ملاقات میں انہیں مختلف امور پر بریفنگ دیں گے، وزیراعلیٰ اسلام آباد میں وزیراعظم کی زیر صدارت ہونیوالے اجلاس میں شریک ہونگے،وزیراعلی پنجاب گزشتہ ہفتے بھی تین مرتبہ اسلام آباد میں وزیراعظم عمران خان سے ملاقاتیں کرچکے ہیں۔

قبل ازیں اپنے ایک بیان میں وزیراعلیٰ پنجاب نے آج ہونے والے ٹرین حادثے پر اظہار افسوس کیا،وزیراعلیٰ کی ہدایت پررحیم یار خان او رصادق آباد کے ہسپتالوں میں ایمرجنسی نافذ کردی گئی، وزیراعلیٰ عثمان بزدار نےرحیم یار خان او رصادق آباد کے ہسپتالوں میں لائے جانے والے زخمیوں کو بہترین طبی سہولتیں فراہم کرنے کی ہدایت کی۔

وزیراعلیٰ عثمان بزدار کی ہدایت پر ڈپٹی کمشنر رحیم یارخان کے آفس میں کنٹرول روم قائم کر دیا گیا، علاوہ ازیں شیخ زید ہسپتال رحیم یار خان او رتحصیل ہیڈ کوارٹر ہسپتال میں ایمرجنسی انفارمیشن ڈیسک بنا دئیے گئے، وزیراعلیٰ عثمان بزدار نےکمشنر بہاولپورڈویژن اور ڈپٹی کمشنر رحیم یار خان کو فون  کرتے ہوئے کہا کہ زخمیوں کو علاج معالجہ کی بہترین سہولتیں فراہم کی جائیں۔

زخمیوں کے ساتھ ان کے تیمار داروں کا بھی پورا خیال رکھا جائے،تیمارداروں کو کسی قسم کی پریشانی کا سامنا نہیں ہونا چاہیے،عثمان بزدار کا کہناتھا کہ ڈہرکی ٹرین حادثے میں انسانی زندگیوں کے ضیاع پر دلی افسوس او ررنج ہواہے، پنجاب حکومت غم کی گھڑی میں جاں بحق افراد کے لواحقین کے دکھ میں برابر کی شریک ہے۔

ڈپٹی کمشنر رحیم یار خان کا کہناتھا کہ تحصیل ہیڈ کوارٹرہسپتال صادق آباد میں 14زخمی زیر علاج ہیں، شیخ زید ہسپتال رحیم یار خان میں 34زخمی لائے گئے جنہیں بہترین طبی سہولتیں فراہم کی جارہی ہیں، زخمیوں کے تیمار دارو ں کے لئے کھانے پینے کا انتظام کیا گیاہے۔

مزیدخبریں