سٹی 42: نجی سکول کی دیوار گرنے سے ایک طالبہ جاں بحق جبکہ 3 زخمی ہوگئیں۔
لاہور کے علاقے گرین ٹاؤن میں واقع دی سپرٹ سکول کی دیوار گرنے سے طالبہ جان کی بازی ہارگئی، دیوار گرنے کے باعث تین بچیاں زخمی بھی ہوئیں،پولیس کے مطابق جاں بحق ہونے والی بچی کی شناخت ایشال سہیل کے نام سے ہوئی ہے۔ نور فاطمہ اور تعزیم سہیل سمیت تین طالبات کو طبی امداد کے لئے ہسپتال منتقل کر دیا گیا ہے۔
دی سپئیرٹ سکول سکولیسٹک کیمپس میں دیوار گرنے کا معاملہ پیش آیا، سکول کا پہلا دن اور افسوس ناک واقعہ انتظامیہ کی غفلت کے باعث پیش آیا چار فٹ چار انچ کی دیوار پر بھاری بھرکم ترپالیں لگانے سے حادثہ رونما ہوا ۔
حادثے کے دوران بچے گراؤند میں ایکٹویٹی میں مشغول تھے، دیوار گرنے سے ایک سات سے آٹھ سال کی ننھی پری موقع پر جاں بحق ہوگئی جبکہ دس سے بارہ بچے نہایت نازک حالت میں ہسپتال منتقل کر دئیے گئے ۔
والدین کا کہنا تھا کہ حادثے کے حوالے سےہمیں بالکل اطلاع نہیں دی گئی یہاں تک کہ سکول کے اندر داخلے کی بھی اجازت نہیں دی جا رہی، سکول انتظامیہ کی جانب سے نہایت جارحانہ سلوک برتا گیا سکول انتظامیہ خود موقع سے غائب ہے۔