(رضوان نقوی) نادرا سنٹرز میں پبلک ڈیلنگ اور رش کے باعث کرونا کیسز بڑھنے لگے ، نادرا کے مختلف سنٹرز میں کام کرنے والے 14ملازمین و افسران کرونا وائرس کا شکار ہوگئے۔
تفصیلات کے مطابق نادرا دفاتر میں روزانہ کی بنیاد پر سائلین کے رش کے باعث نادرا سنٹرز میں بھی کرونا کیسز بڑھنا شروع ہوگئے ہیں۔ ذرائع کے مطابق نادرا کے ریجنل ہیڈکوارٹر میں تعینات اسسٹنٹ ڈائریکٹر جاویدنبی, محمد حنیف ،محمد خالد ، خان محمد ، نعیم الغنی ، سیف الاسلام کا کرونا ٹیسٹ پازیٹیو آگیا ہے۔ نادرا ڈیفنس سنٹر کے ڈپٹی اسسٹنٹ ڈائریکٹر اختر علی ، ثناء ، بدر ، یوسف بن تاشفین کا کرونا ٹیسٹ مثبت آگیا ہے۔ ذرائع کے مطابق نادرا میگا سنٹر میں تعینات حافظ عثمان ، ضرار شہید روڈ میں رفعت گیلانی کا کرونا ٹیسٹ مثبت آگیا ہے۔
نادرا ذرائع کا کہنا ہے کہ کالج روڈنادرا سنٹرکے 4 ملازمین بھی ناسازی ء طبیعت کے باعث رخصت پر چلے گئے ہیں۔ شہر کے مختلف نادرا سنٹرز میں تعینات عملہ میں پریشانی کی لہر دوڑ گئی ہے۔ نادرا کے کئی سنٹرز میں ایس او پیز پر مؤثر انداز میں عمل نہ ہونے کے سبب کرونا کیسز میں اضافہ ہوا ہے۔
دوسری جانب ترجمان نادرا کا کہنا ہے کہ سنٹرز میں ایس او پیز پر عملدرآمد کروایا جارہا ہے تاہم بعض ملازمین ایسے علاقوں میں رہائش پزیر ہیں جہاں کرونا کیسز نسبتاََ زیادہ تھے اس وجہ سے دیگر مکینوں کے ساتھ نادرا ملازمین بھی وہاں متاثر ہوئے ہیں۔ ترجمان کے مطابق نادرا سنٹرز میں کام کرنے والے ملازمین میں کرونا علامات پر عملہ کے ٹیسٹ بھی کروائے جارہے ہیں۔