جماعت اسلامی نے کورونا کا توڑ نکال لیا

7 Jun, 2020 | 07:32 PM

Arslan Sheikh

( فاران یامین ) کورونا سے ڈرنا نہیں لڑنا ہے، جماعت اسلامی کا کووڈ مریضوں کے علاج کے لیے صحت یاب ہونے والے نوجوانوں کا پلازمہ عطیہ دینے کا اعلان کردیا، رہنما جماعت اسلامی احمد سلمان بلوچ کہتے ہیں کہ حکومتی ٹائیگر فورس کہیں نظر نہیں آرہی، عوام کا کوئی پرسان حال نہیں ہے۔

تفصیلات کے مطابق کووڈ مریضوں کے لئے پلازمہ عطیہ کرنے کے حوالے سے مشاورتی اجلاس کے بعد احمد سلمان بلوچ کا کہنا تھا کہ کورونا وباء پھیلانے میں حکومت نے اہم کردار ادا کیا، حکومت لائف سیونگ ڈرگز کا کوئی بندوبست نہیں کررہی۔

کورونا وائرس سے صحت یاب ہونے والے ملک عمیر کا کہنا تھا کہ کورونا وائرس کے علاج میں کسی نے کوئی مدد نہیں کی، لیکن چاہتا ہوں کہ پلازمہ عطیہ کروں تاکہ لوگ جلد صحت مند ہو جائیں۔

اجلاس میں شرکاء نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ کورونا سے صحت یاب ہونے والے نوجوانوں کو ہسپتالوں میں پلازمہ دینا چاہیے تاکہ اس وباء سے نجات مل سکے۔

دوسری جانب دنیابھرمیں کوروناسےاموات چارلاکھ سےتجاوزکر گئیں ہیں۔ پاکستان میں بھی کورونا وائرس کےوار تیز ی کے ساتھ جاری ہیں، کورونا کے مزید4960 کیس سامنے آگئے۔ ملک میں اموات دوہزار سے تجاوز کرکے 2002 ہوگئیں جبکہ پنجاب میں ہلاکتوں کی تعداد686  ہوگئی۔

لاک ڈاؤن میں نرمی کے بعد لاہور میں کورونا وائرس کے حملوں میں تیزی آگئی، لاہور میں کورونا سے مزید 10 افراد جاں بحق ہوگئے جس کے بعد اموات کی مجموعی تعداد 247 ہو گئی جبکہ  1082 نئے کیسز سامنے آنے کے بعد مریضوں کی تعداد 17411 تک پہنچ گئی ہے۔

محکمہ پرائمری اینڈ سکینڈری ہیلتھ کیئر کے مطابق پنجاب بھر میں مزید 30  افراد کورونا وائرس سے جاں بحق ہوئے جس کے بعد مجموعی اموات 659 ہو گئیں،  2 ہزار 164 افراد میں کورونا وائرس کی تصدیق ہوگئی جس کے بعد کورونا کے کنفرم مریضوں کی تعداد 35 ہزار 308 ہوگئی، 8 ہزار افراد صحت یاب ہو گئے۔ انتہائی نگہداشت وارڈ میں 97، وینٹی لیٹر پر 69 مریض زندگی کی جنگ لڑ رہے ہیں، سرکاری اور نجی ہسپتالوں میں 617 زیر علاج ہیں۔

مزیدخبریں