کورونا لیبارٹریاں استعداد کے مطابق ٹیسٹ کرنے میں ناکام

7 Jun, 2020 | 04:08 PM

Shazia Bashir

سٹی42: کورونا لیبارٹریاں استعداد کے مطابق ٹیسٹ کرنے میں ناکام، 24 گھنٹوں کے دوران ساڑھے 8 ہزار ٹیسٹوں کی گنجائش کے باوجود 8 ہزار 180 ٹیسٹ،  1082 نئے مریضوں کے ساتھ لاہور میں کورونا متاثرین17 ہزار 411 ہو گئے ، 85 روز میں247  اموات ریکارڈ۔

تفصیلات کے مطابق  کورونا لیبارٹریاں استعداد کے مطابق ٹیسٹ کرنے میں ناکام ہوگئیں، 24 گھنٹوں کے دوران ساڑھے 8 ہزار ٹیسٹوں کی گنجائش کے باوجود  8 ہزار 180 ٹیسٹ ہوئے،  1082 نئے مریضوں کے ساتھ لاہور میں کورونا متاثرین17 ہزار 411 ہو گئے  اور  85 روز میں247  اموات ریکارڈ۔

 

کورونا وائرس کی ہلاکت خیزی دن بہ دن بڑھنے لگی،  شہر میں شرح اموات بڑھ کر 1.9 فیصد ہوگئی ہے، کورونا پازیٹو  4 فیصد اضافے سے 12.7 فیصد ہوگئے، تشویشناک مریضوں میں بھی اضافہ ہوگیا ہے۔  انتہائی نگہداشت وارڈ میں 97،  وینٹی لیٹر پر 69 مریض زندگی کی جنگ لڑنے میں مصروف ہیں، سرکاری اور نجی ہسپتالوں میں 617 زیر علاج ہیں اور ماہرین نے آئندہ ہفتہ اہم قرار دیدیا ہے۔

دوسری جانب  کورونا کی بگڑتی صورتحال کے پیش نظرایس او پیز پر عملدر آمد کرانے  کے لئے فوج اور رینجرز کی مدد حاصل کرنے کی تجویز دی گئی ہے، وفاق اورپنجاب نے ایس او پیز پر عملدرآمد کیلئے سخت سے سخت اقدامات کرنے پر اتفاق کرلیا، ذرائع کے مطابق ایس او پیز پر عملدرآمد کیلئے فوج اور رینجرز کی مدد حاصل کرنے کی تجویز دی گئی ہے جس میں کہا گیا ہے کہ مارکیٹوں اور پبلک مقامات پر سکیورٹی فورسز کو انتظامیہ کے ساتھ گشت کروا کر سخت پیغام دیا جائے، جن مارکیٹوں میں ایس او پیز کی مسلسل خلاف ورزی ہو رہی ہے وہاں سخت ایکشن لیا جائے گا۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ عام شہریوں کو جرمانوں کے ساتھ اخلاقی سزائیں دینے کی بھی تجویز دی گئی ہے،وفاقی حکومت نے پنجاب حکومت کو ایس او پیز پر عملدرآمد کر انے کیلئے ہر ممکن اقدامات کرنے کی ہدایات کر دی ہیں۔

 

 

مزیدخبریں