کبھی رنگ گورا کرنے والی مصنوعات کی حمایت نہیں کی: ماہرہ خان

7 Jun, 2020 | 03:00 PM

Sughra Afzal

ڈیفنس(زین مدنی)اداکارہ ماہرہ خان کا کہنا ہے کہ انہوں نے کیرئیر کی ابتدا سے لے کرآج تک کبھی رنگ گورا کرنے والی مصنوعات کی حمایت نہیں کی۔

ذرائع کے مطابق ایک ہی وقت میں رنگ گورا کرنے والی کریم کی حمایت اور کالے رنگ کیخلاف پھیلے تعصب کی مذمت کرنے پر سوشل میڈیا پر ماہرہ خان کو کڑی تنقید کا نشانہ بنایا جارہا ہے، ماہرہ خان نے اس سوال کے جواب میں کسی اور اسٹار کا نام لینے کے بجائے اپنا نام لیتے ہوئے کہا کہ انہوں نے کبھی بھی رنگ گورا کرنے والی مصنوعات کی حمایت نہیں کی یہاں تک کہ اپنے کیرئیر کی ابتدا میں جب وہ وی جے تھیں اس وقت بھی انہوں نے رنگ گورا کرنے والی مصنوعات کی تشہیر کرنے سے انکار کردیا تھا۔

گلوکارہ مومنہ مستحسن نے بھی ماہرہ خان کی اس ٹوئٹ پر جوابی ٹوئٹ کرتے ہوئے کہا کہ انہوں نے بھی ہمیشہ جلد گورا کرنے والی مصنوعات میں کام کرنے سے انکار کیا ہے، آپ کی جلد میں موجود میلا نن کی مقدار کا آپ کے خوبصورت ہونے سے کوئی تعلق نہیں۔

 انہوں نے مزید کہا اگر ہم سب ذمہ داری کے ساتھ رنگ گورا کرنے والی مصنوعات سے انکار کریں گے تو یہ مارکیٹ میں تبدیلی کا سبب بن سکتا ہے، ہم سب چیزوں کو تبدیل کرنے کی طاقت رکھتے ہیں۔

ڈرامہ سیریل بلبلے کی مشہور اداکارہ عائشہ عمرنے کہا ہے کہ اپنے کیرئیر میں آج تک رنگ گورا کر نے والی مصنوعات کے کسی اشتہار میں نہ کام کیا اور نہ ہی وہ ایسے اشتہارات میں کام کرنے کا ارادہ رکھتی ہیں،ماضی میں ایسے اشتہارات میں کام کرنے کیلئے بھاری معاوضے  کی پیش کش بھی ہوئی.

واضح رہے کہ کچھ عرصہ قبل ایک انٹرویو کے دوران اداکارہ اقرا عزیز نے کہا تھا کہ انہوں نے رنگ گورا کرنے والی مصنوعات کی حمایت سے انکار کیا تھا کیونکہ ان کے نزدیک یہ صحیح نہیں ہے۔انہوں نے مزید کہا تھا کہ رنگ گورا ہونا کامیاب زندگی کی علامت نہیں ہے۔

مزیدخبریں