لوئر مال (ریحان گل، قذافی بٹ) عید کے دوران کی گئی بے احتیاطی کے اثرات آنا شروع ہو گئے، کورونا کے مثبت کیسز کی شرح میں 4 فیصد اضافہ ہو گیا، سرکاری ڈیٹا کے مطابق یکم رمضان پر مثبت کیسز کی شرح 6 اعشاریہ 8 فیصد تھی۔
عید پر مارکیٹیں کھولنے اور ایس او پیز پر عمل نہ کرنے سے کورونا کے مثبت افراد کی تعداد میں تیزی سے اضافہ ہو رہا ہے، عید کے بعد مثبت کیسز کی شرح 7 اعشاریہ 12 فیصد پر پہنچ گئی ہے جبکہ پاکستان میں کورونا سے ریکوری ریٹ 7 اعشاریہ 34 فیصد اور پنجاب میں کورونا سے ریکوری ریٹ 5 اعشاریہ 22 فیصد ہے۔
اسی طرح ڈیٹا کے مطابق پاکستان میں کورونا کا ڈیتھ ریٹ ایک اعشاریہ 2 فیصد اور پنجاب میں کورونا کا ڈیتھ ریٹ 9 اعشاریہ ایک فیصد ہے۔ ماہرین کے مطابق اگلا ہفتہ کورونا کیسز کے حوالے سے انتہائی اہم ہے، لاہور میں مریضوں کی تعداد میں ہولناک اضافہ دیکھنے میں آئے گا۔
دوسری جانب کورونا کی بگڑتی صورتحال کے پیش نظرایس او پیز پر عملدر آمد کرانے کیلئے فوج اور رینجرز کی مدد حاصل کرنے کی تجویز دی گئی ہے، وفاق اورپنجاب نے ایس او پیز پر عملدرآمد کیلئے سخت سے سخت اقدامات کرنے پر اتفاق کرلیا۔
ذرائع کے مطابق ایس او پیز پر عملدرآمد کیلئے فوج اور رینجرز کی مدد حاصل کرنے کی تجویز دی گئی ہے جس میں کہا گیا ہے کہ مارکیٹوں اور پبلک مقامات پر سکیورٹی فورسز کو انتظامیہ کے ساتھ گشت کروا کر سخت پیغام دیا جائے، جن مارکیٹوں میں ایس او پیز کی مسلسل خلاف ورزی ہو رہی ہے وہاں سخت ایکشن لیا جائے گا۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ عام شہریوں کو جرمانوں کے ساتھ اخلاقی سزائیں دینے کی بھی تجویز دی گئی ہے،وفاقی حکومت نے پنجاب حکومت کو ایس او پیز پر عملدرآمد کر انے کیلئے ہر ممکن اقدامات کرنے کی ہدایات کر دی ہیں۔
واضح رہے کہ پاکستان میں ایک روز میں ریکارڈ 5 ہزار کورونا کیسز ، 97 اموات سامنے آئی ہیں جس کے بعد جاں بحق ہونے والوں کی تعداد 1974 تک پہنچ گئی،ملک میں مجموعی کیسز 96445 ہوگئے، بڑے شہروں کے ہسپتال مریضوں سے بھر گئے، پنجاب میں 35 ہزار 308 افراد کورونا وبا میں مبتلا ہوگئے جبکہ 659 افراد لقمہ اجل بن چکے ہیں۔