(مانیٹرنگ ڈیسک) پاکستان ٹیک بال فیڈریشن کے سیکرٹری جنرل طیب محمود چٹھہ نے کہا ہے کہ فیڈریشن ملک میں ٹیک بال کے فروغ کے لئے بھر پور اقدامات کریگی تاہم حکومت کی معاونت بہت ضروری ہے، ٹیک بال کا کھیل ہنگری کا مشہور کھیل ہے اورملک میں ٹیک بال کا کھیل آہستہ آہستہ مقبولیت اختیار کرتا جا رہا ہے۔
ایک بیان میں طیب چٹھہ نے کہا کہ ملک میں پاکستان ٹیک بال فیڈریشن کے زیر اہتمام ٹیک بال کے کھیل کے فروغ کیلئے دو اکیڈمیز اسلام آباد اور پشاور کام کررہی ہیں، اکیڈمیز میں مرد اور خواتین کو تربیت دی جارہی ہے۔ انہوںنے کہاکہ لاک ڈائون کے باعث ملک میں تمام کھیلوں کی سرگرمیاں معطل ہو کر رہ گئی ہیں، لاک ڈائون ختم ہوتے ہی دوبارہ اکیڈمیز میں تربیت دینی شروع کردی جائے گی۔
انہوں نے کہا کہ نوجوان نسل کو معاشرتی برائیوں سے بچانے کے لئے کھیلوں کا انعقاد بہت ضروری ہے اور اس سلسلہ میں ملک کے دوسرے مقامات پر بھی اکیڈمیز قائم کی جائیں گی۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان میں ٹیک بال کے کھیل کے فروغ کے لئے ہنگری کے سفیر نے بھی ایک ملاقات کے دوران اپنے مکمل تعاون کی یقین دہانی کروائی تھی۔
انہوں نے کہا کہ اسلام آباد ٹیک بال چیمپئن شپ کا انعقاد کیا جائے گا جس میں وفاقی دارالحکومت کے لڑکے اور لڑکیاں حصہ لیں گی۔ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ پاکستان ٹیک بال فیڈریشن ملک میں کورونا وائرس کی وباء ختم ہوتے ہی اس کھیل کو تعلیمی اداروں میں متعارف کروانے کے انتظامات کریگی جس کی تیاریاں ابھی سے شروع کردی گئی ہیں۔
کورونا وائرس کے حوالے سے ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ کورونا وائرس کے باعث پوری دنیا پریشان ہے اور لاکھوں کی تعداد میں اموات ہو چکی ہیں اور کھلاڑی اپنے اپنے گھروں سے غیر ضروری طورپرباہر نہ نکلیں اور اپنے آپ کو کورونا وائرس کی وباء سے بچانے کے لئے احتیاطی تدابیر پر عمل کرتے ہوئے اپنی فزیکل فٹنس اور خوراک پر توجہ دیں۔