ویب ڈیسک : امیر جماعت اسلامی حافظ نعیم الرحمن کا کہنا ہے کہ اگر عوام کا لاوا پھٹ پڑا تو انھیں ائیر پورٹ تک راستہ نہیں ملے گا۔
امیر جماعت اسلامی حافظ نعیم الرحمن نے ملتان میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ جماعت اسلامی کی امارت کی ذمہ داری کے بعد پہلی مرتبہ ملتان آیا ہوں۔ حق دو عوام تحریک کے حوالہ سے حکمت عملی تیار کی ہے، پورے پاکستان میں حق دو عوام تحریک آگے بڑھے گی۔ 12 جولائی کو اسلام آباد میں دھرنا ہوگا ، ہمارا دھرنا عوام کے رلیف کے لئے ہوگا۔ لوگ بجلی ادائیگی کے لئے اپنی قیمتی اشیاء بیچنے کے لئے تیار ہیں۔ حکومت آئی ایم ایف کے کہنے پر بجلی کی قیمتیں بڑھا رہی ہے۔ اگر عوام کا لاوا پھٹ پڑا تو انھیں ائیر پورٹ تک راستہ نہیں ملے گا۔ انہوں نے کہا کہ جاگیردار اور وڈیرے ٹیکس نہیں دیتے۔ قومی اسمبلی ، سینٹ اور صوبائی اسمبلی کے ممبران نے اپنی مراعات میں اضافہ کر لیا ۔عوام کی چیخیں حکمرانوں اور اشرافیہ تک نہیں پہنچ رہیں۔ حکومت اب سولر پر ٹیکس لگانے کی بات کرتی ہے۔ حکومتی طبقہ کرپٹ ہونے کے ساتھ نااہل بھی ہے۔
حافظ نعیم الرحمن کا کہنا تھا کہ پٹرول کی لیوی ختم کی جائے، بجلی سستی ہو گی تو صنعتیں چلیں گی۔ جنوبی پنجاب کو بجٹ میں حصہ نہیں ملا۔ کسانوں سے گندم خریدنے کا وعدہ کیا مگر پورا نہ کیا۔ جنوبی پنجاب کا کسان پسا ہوا ہے، بدترین حالات کے باوجود زراعت نے ترقی کی، کسان کا اعتماد خراب کیا گیا، کپاس کی کاشت کم ہوئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ موجودہ حکومت فارم 45 کی پیداوار ہے، چیف جسٹس فارم 45 کے تحت فیصلے کریں۔