ویب ڈیسک: انٹرنیشنل مانیٹری فنڈ ( آئی ایم ایف) کی ٹیم زمان پارک میں آج پاکستان تحریک انصاف ( پی ٹی آئی) کے چیئرمین سے ملاقات کرے گی۔
پاکستان تحریک انصاف ( پی ٹی آئی) کے رہنما حماد اظہر نے کہا ہے کہ پی ٹی آئی کی اقتصادی ٹیم سے آئی ایم ایف نے اسٹینڈ بائی ایگریمنٹ پر حمایت لینے کیلئے رابطہ کیا ہے۔ حماد اظہر نے کہا کہ آئی ایم ایف نے اسٹینڈ بائی ایگریمنٹ اور اس کے وسیع مقاصد کیلئے تحریک انصاف کی حمایت کیلئے رابطہ کیا ہے۔
پاکستان میں تعینات آئی ایم ایف کی نمائندہ ایشتر پیریز نے کہا ہے کہ ملاقاتوں کا مقصد اسٹینڈ بائی ایگریمنٹ پر الیکشن سے پہلے سیاسی جماعتوں کی حمایت کی یقین دہانی حاصل کرنا ہے۔
نمائندہ آئی ایم ایف نے یہ بھی کہا کہ آئندہ دنوں میں پاکستان کے ساتھ نئے اسٹینڈ بائی ایگریمنٹ پر آئی ایم ایف کے ایگزیکٹو بورڈ میں غور کیا جائے گا۔
ایشتر پیریز کے مطابق آئی ایم ایف ٹیم ن لیگ اور پیپلز پارٹی سمیت تمام بڑی سیاسی جماعتوں سے ملاقات کرے گی۔