ویب ڈیسک: آئی سی سی نے ٹیسٹ رینکنگ جاری کردی جس میں 2016 کے بعد پہلی مرتبہ ویرات کوہلی ٹاپ 10 بلےبازوں کی رینکینگ سے باہر ہوگئے۔
بھارتی اسٹار کرکٹر ویرات کوہلی دو برس سے بری فارم کا شکار ہیں، انگلینڈ کے خلاف جاری ٹیسٹ کی پہلی اننگز میں وہ صرف 11اور دوسری میں 20رنز بناسکے. اب ان کی ٹیم میں شمولیت پر بھی سوال اٹھنے شروع ہوگئے ہیں۔بھارتی کپتان روہت شرما کی عدم موجودگی میں ٹیم کوہلی کی بیٹنگ پر کافی انحصار کر رہی تھی تاہم وہ ناکام رہے۔انہوں نے آخری سنچری 74اننگز قبل23نومبر2019کو بنگلہ دیش کے خلاف بنائی تھی۔
آئی سی سی ٹیسٹ چیمپئن شپ میں انگلینڈ کے جوروٹ کا پہلا نمبر برقرار ہے، دوسرے نمبر پرآسٹریلیا کے مارنوس لابو شین اور تیسرے پر اسٹیو اسمتھ موجود ہیں جبکہ ٹی ٹوئنٹی اور ون ڈے میں عالمی نمبر ایک پاکستان کے کپتان بابر اعظم کا ٹیسٹ رینکنگ میں چوتھا نمبر ہے۔ بھارت کے رشابھ پنت پانچ درجے ترقی کے بعد پانچویں نمبر پر آ گئے ہیں۔ ویرات کوہلی چھ برس بعد ٹاپ 10سے باہر ہوکر 13ویں نمبر پر چلے گئے۔