عظیم اداکار دلیپ کمار کی تدفین کی ویڈیو سامنے آگئی

7 Jul, 2021 | 07:14 PM

M .SAJID .KHAN

(مانیٹرنگ ڈیسک)  برصغیر کے عظیم اداکارہ شہنشاہ جذبات دلیپ کمار آج انتقال کر گئے، دلیپ کمار کے اہلخانہ کی جانب سے ان کے ٹوئٹر اکاؤنٹ پر اداکار کے انتقال کی تصدیق کی تھی، اداکار کو سپرد خاک کرنے کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہوچکی ہے۔

تفصیلات کے مطابق بھارتی فلموں کے معروف اداکار و شہنشاہ جذبات دلیپ کمار آج صبح ممبئی میں 98 برس کی عمر میں انتقال کرگئے تھے،مرحوم بھارتی اداکار دلیپ کمار کو ممبئی میں سپردِ خاک کیے جانے کی ویڈیو منظر عام پر آگئی ہے،مذکورہ ویڈیو نامور بھارتی پروڈیوسر فریدون شہریار کی جانب سے ٹوئٹر پر شیئر کی گئی،ویڈیو میں دیکھا جاسکتا ہے کہ مختصر تعداد میں لوگوں کی موجودگی میں سپردِ خاک کرکے سرکاری اعزاز کے ساتھ سلامی دی جارہی ہے۔ 

 اداکار دلیپ کمار ممبئی کے ہندوجا ہسپتال میں زیر علاج تھے، دلیپ کمار ایک طویل عرضہ سے بیمار تھے اور دلیپ کمار کی اہلیہ سائرہ بانو ہمیشہ دعاؤں کی اپیل کرتی رہتی تھی، تاہم آج دلیپ کمار نے صبح 7 بج کر 30منٹ پر آخری سانس لی، انہوں نے اپنے فلمی کیرئیر کے دوران متعدد  فلموں میں لازوال کردار ادا کئے، دلیپ کمار 11 دسمبر 1922 کو پشاور میں پیدا ہوئے تھے، ان کا اصل نام محمد یوسف خان تھا۔

 دلیپ کمار کو سانس لینے میں دشواری کے سبب 29 جون کو ہسپتال میں داخل کیا گیا تھا، صحت کی خرابی کی وجہ سے انہیں آئی سی یو وارڈ میں داخل کرایا گیا تھا، ان کی وفات کے بعد نہ صرف بالی ووڈ بلکہ ان کے مداحوں میں بھی غم کی لہر دیکھی جارہی ہے،دلیپ کمار کے ڈاکٹر جلیل پارکر نے ان کی موت کی خبر کی تصدیق کی بعد ازاں اہلخانہ کی جانب سے ان کے ٹوئٹر اکاؤنٹ پر اداکار کے انتقال کی اطلاع دی گئی تھی ،دلیپ کمار کو ممبئی کے جوہو قبرستان میں سپردِ خاک کیا گیا ہے۔

 بھارتی سنیما میں بہترین اور منفرد اداکاری کا سہرا انہیں جاتا ہے،انہوں نے لمبے عرصے تک اداکاری کے میدان میں بہترین خدمات انجام دیں،دلیپ کمار نے اپنی اداکاری کا آغاز 1944 میں فلم ’جوار بھاٹا‘ سے کیا تھا، تقریبا پانچ دہائیوں پر محیط اداکاری کے کیریئر میں انہوں نے دیوداس ، نیا دور ، مغل اعظم ، گنگا جمنا ، کرانتی اور کرما سمیت 65 سے زائد فلموں میں اداکاری کی ہے، دلیپ کمار کو آخری بار 1998 میں ریلیز ہونے والی فلم قلعہ میں دیکھا گیا تھا۔

مزیدخبریں