اسد عمر کے فیصلے پر میرج ہال ایسوسی ایشن کی بڑی دھمکی

7 Jul, 2021 | 05:00 PM

M .SAJID .KHAN

(جنید ریاض)آل پنجاب میرج ہال ایسوسی ایشن کے صدر خالد ادریس نے دھمکی دی ہے کہ میرج ہالز کو بند کیا گیا تو بھرپور احتجاج کریں گے جبکہ اسد عمر کے گھر کا گھیراؤ بھی کریں گے۔
 تفصیلات کےمطابق گلبرگ میں واقع ظفر میرج ہال میں آل پنجاب میرج ہال ایسوسی ایشن کے عہدیداران نے میڈیا سے گفتگو کی، صدر خالد الیاس نے عمران خان سے مطالبہ کیا کہ اسد عمر کو فی الفور عہدے سے ہٹایا جائے، انکا کہنا تھا کہ پانچ جولائی سے میرج ہال بند کرنے کا عندیہ سمجھ سے بالاتر ہے، یکم جولائی کے بعد میرج ہالز میں ایک ایونٹ بھی نہیں ہوا۔

5جولائی کو اسد عمر کی جانب سے میرج ہال بند کرنے کا عندیہ کسی صورت قابل قبول نہیں، صدر لاہور ڈویژن محمد اشفاق کا کہنا تھا کہ حکومت کے اپنے اداروں میں بغیر ویکسی نیشن لوگ کام کررہے ہیں، شادی ہالز میں ویکسی نیشن والے افراد کے داخلے کی حکومتی شرط بلاجواز ہے، جبکہ ڈیڑھ سال سے شادی ہالز بند ہونے سے کاروبار تباہی کے دہانے پر ہے۔

چیئرمین محمد الیاس کا کہنا تھا کہ شادی ہالز بند کرنے سے قبل ایسوسی ایشن کو مشاورت میں شامل کیا جائے، شادی ہالز ایسوسی ایشن کو مشاورت میں شامل نہ کیا گیا تو بھرپور احتجاج کریں گے۔

یار رہے کہ  شادی ہال بک کروانے پر اضافی اخراجات ادا کرنے پڑ سکتے ہیں، شادی کے اخراجات میں مزید اضافے کا خدشہ پیدا ہو گیا ہے کیونکہ حکومت پنجاب نے شادی ہال پرعائد کیا گیا ٹیکس ختم کرنے سے انکار کر دیا تھا،شادی ہالز  نے پنجاب ریونیو اتھارٹی کو ٹیکس زیرو پرسنٹ کرنے کی درخواست کی تھی۔

پی آر اے کاکہنا تھا کہ پہلے ہی شادی ہالز کو ٹیکس میں ریلیف دیا گیا ہے، پی آر اے نے محکمہ خزانہ کو مراسلہ لکھ دیا ہے جس میں شادی ہالزکے ٹیکس کو مزید کم نہ کرنے کاکہا گیا ہے۔

واضح رہے کہ میرج ہالزایسوسی ایشن کے عہدیداروں نے ٹیکس کے نفاذ کی خبروں پر تشویش کا اظہار کیااور کہا ہے کہ گذشتہ ڈیڑھ سال کاروبار پر بندش کے باعث کاروباری طبقے خصوصا میرج ہالز کی کمر ویسے ہی ٹوٹ چکی ہے پورے ملک کے 13 ہزار شادی ہالز بند  رہنے سے ساڑھے چھ لاکھ افراد بے روزگار ہوئے ہیں۔

شادی ہالز سے منسلک کاروبار بھی بند رہے لیکن ابھی پوری طرح کاروبار کھلا نہیں اور ٹیکس کے نفاذ کی خبریں آرہی ہیں انہوں نے کہا اگر کسی بھی قسم کا مزید ٹیکس نافذ کیا گیا تو کاروبار بند کردیں گے حکومت ہمیں سڑکوں پر آنے پر مجبور نہ کرے۔


 

مزیدخبریں