(درنایاب) سگیاں روڈ، بابو صابو اور برکی روڈاستعمال کرنیوالوں کیلئے بڑی خبر، ایل ڈی اے نے نئے مالی سال میں شامل تینوں سڑکوں کی تعمیر کے منصوبوں کا پی سی ون تیار کرلیا، محکمہ پلاننگ اینڈ ڈویلپمنٹ سے مجموعی طور پرایک ارب 40 کروڑ سے زائد تخمینہ لاگت کی منظوری لی جائے گی۔
لاہور ڈویلپمنٹ اتھارٹی کے تینوں نئے منصوبوں پر مجموعی طور پر ایک ارب 40 کروڑ سے زائد لاگت آئے گی ،جس کا باقاعدہ پی سی ون تیار کرلیا گیا ہے، جبکہ نیسپاک کی جانب سے ڈیزائن بھی تیار کیا گیا۔
ایل ڈی اے کے مذکورہ منصوبوں کی منظوری محکمہ پلاننگ اینڈ ڈویلپمنٹ سے لی جائے گی، سگیاں روڈ کی از سر نو تعمیر و بحالی پر 75 کروڑ 42 لاکھ کی لاگت آئے گی، سگیاں انٹرچینج سے بابو صابو تا شرقپور روڈ تک سڑک مکمل بحال کی جائے گی۔
ایل ایس سی سے بی آر بی تک برکی روڈ کی بحالی اور دو رویہ منصوبے پر 40 کروڑ کا تخمینہ لگایا گیا ہے، بابو صابو انٹرچینج کی بحالی اور اطراف کی سڑکوں کی بحالی پر 24 کروڑ 47 لاکھ لاگت آئے گی، چیف انجینئر ایل ڈی اے مظہر حسین نے ڈی جی ایل ڈی اے کی ہدایت پر پی سی ون تیار کروائے۔