(ویب ڈیسک) شہنشاہ جذبات دلیپ کمار انتقال کر گئے، دلیپ کمار کے اہلخانہ کی جانب سے ان کے ٹوئٹر اکاؤنٹ پر اداکار کے انتقال کی تصدیق کی گئی ہے۔
بالی وڈ اداکار دلیپ کمار کو گزشتہ روز سانس لینے میں دشواری کی وجہ سے ممبئی کے نجی ہسپتال منتقل کیا گیا تھا تاہم وہ جانبر نہ ہو سکے، ان کی عمر 98سال تھی ۔دلیپ کمار کے ٹوئٹر اکاؤنٹ پر یہ اطلاع دی گئی ہےکہ ان کی تدفین ممبئی کے مقامی قبرستان میں کی جائے گی۔
واضح رہے کہ گزشتہ ماہ بھی طبعیت خراب ہونے پر 6 جون کو دلیپ کمار کو ممبئی کے ہندوجا ہسپتال منتقل کیا گیا تھا حالت بہتر ہونے پر ان کےکے اہلخانہ انہیں 11 جون کو گھر واپس لے آئے تھے۔ ان کی حالت دوبارہ بگڑنے پر انہیں گزشتہ دنوں دوبارہ ہسپتال منتقل کیا گیا تھا جہاں وہ ڈاکٹرز کی زیرنگرانی انتہائی نگہداشت (آئی سی یو) کے وارڈ میں تھے ۔بھارتی میڈیا کی رپورٹس کے مطابق اداکار دلیپ کمار بدھ کی صبح 7:30 بجے ممبئی کے کھار ہندوجا ہسپتال میں دم توڑ گئے۔
سنگ دل، امر، اڑن کھٹولہ، آن، انداز، نیا دور، مدھومتی، اور مغل اعظم ایسی چند فلمیں ہیں جن میں کام کرنے کے دوران میں انہیں شہنشاہ جذبات کا خطاب دیا گیا۔ لیکن انہوں نے فلم کوہ نور، آزاد، گنگا جمنا اور رام اور شیام میں ایک کامیڈین کی اداکاری کر کے یہ ثابت کیا کہ وہ لوگوں کو ہنسا نے کا فن بھی خوب جانتے ہیں۔