(قیصر کھوکھر) سرکاری ملازمین کیلئے بڑی خوشخبری، پنجاب حکومت نے عیدالاضحیٰ کے موقع پر تنخواہیں اور پنشن27 جولائی کو ادا کرنے کا فیصلہ کر لیا۔
ذرائع کے مطابق پنجاب حکومت کی جانب سے عیدالاضحیٰ کے موقع پر سرکاری ملازمین کی تنخواہیں اور ریٹائرڈ ملازمین کی پنشن قبل ازقت 27 جولائی کو ہی ادا کرنےکا فیصلہ کرلیا گیا، جولائی کی تنخواہ اور پنشن عیدالاضحیٰ کے باعث 27 جولائی کو ہی جاری کر دی جائے گی،اس حوالے سے باقاعدہ نوٹیفکیشن بھی جاری کر دیا گیا ہے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ سرکاری ملازمین کو تنخواہوں اور ریٹائرڈ ملازمین کو پنشن کی قبل ازوقت ادائیگی کیلئے محکمہ خزانہ نے اے جی آفس کو ہدایت کر دی ہے۔
دوسری جانب محکمہ پرائمری اینڈ سکینڈری ہیلتھ کیئر نے ڈینگی و پولیو ورکرز کومستقل کرنے کا فیصلہ کرلیا، سی ای او ہیلتھ کی جانب سے جاری کردہ مراسلے میں تمام ڈی ڈی ایچ اوز کو کہا گیا ہےکہ اپنے اپنے متعلقہ زونز میں کام کرنے والے ڈینگی و پولیو ورکرز کی تمام تعلیمی اسناد اکھٹی کی جائیں اور ایک ہفتےمیں تصدیق کر کے مستقل ہونے کی اہلیت رکھنے والے ملازمین کی تفصیلات محکمہ صحت کو بھجوائی جائیں۔
محکمہ صحت ڈی ڈی ایچ اوزکی جانب سے بھجوائی گئی سفارشات کے پیش نظر ملازمین کی مستقلی کے لیے اقدامات کرے گا۔
یاد رہے کہ عید الاضحیٰ ہر سال قمری مہینہ ذوالحج کی دس تاریخ کو منائی جاتی ہے، عید کی نماز کے بعد صاحب حیثیت مسلمان سنت ابراہیمی پر عمل کرتے ہوئےاللہ کی راہ میں جانور قربان کرتے ہیں۔ وفاقی وزیر سائنس و ٹیکنالوجی فواد چوہدری کا کہنا ہے کہ اس سال عید الاضحیٰ 31 جولائی بروز جمعہ کو ہو گی۔
واضح رہے کہ15 جون کو پنجاب حکومت نے مالی سال 2020-21 کے لیے 22 کھرب 40 ارب روپے کا بجٹ پیش کیا، بجٹ میں کوئی نیا ٹیکس نہ لگانے کا اعلان کیا گیا ہے، جبکہ ٹیکس کی شرح میں کمی کا بھی اعلان کیا گیا ہے، پنجاب حکومت نے بھی وفاق کی طرح آئندہ مالی سال کے بجٹ میں تنخواہوں اور پنشن میں کوئی اضافہ نہیں کیا۔