پنجاب پبلک سروس کمیشن کا اہم فیصلہ

7 Jul, 2020 | 12:39 PM

M .SAJID .KHAN

(سعود بٹ) پنجاب پبلک سروس کمیشن نےکورونا وائرس  کی وجہ سے سرکاری اسامیوں پر منسوخ ہونے والے انٹرویوزکوبحال کردیا گیا ۔

تفصیلات کے مطابق انٹرویوز پر تعینات تمام افسران کو 8 جولائی تک ڈیوٹی پر پہنچنے کی ہدایات جاری کردی گئی۔پبلک سروس کمیشن کے ہیڈ آفس اور تمام ریجنل دفاتر میں سٹاف کو حاضری یقینی بنانےکا بھی کہا گیا۔تمام انٹرویوز کا شیڈول ایک سے دو دوز میں جاری کردیا جائے گا۔اس حوالے سے مراسلہ جاری کیا گیا جس میں کورونا ایس اوپیز پرعملدرآمد کرنے کی ہدایت کی گئی۔ڈیوٹیوں کے دوران تمام افسران و ملازمین انسداد کورونا کے ایس او پیز پر بھرپور عمل درآمد کریں گے۔

واضح رہے کہ  پنجاب پبلک سروس کمیشن نے کورونا وائرس کے باعث ملتوی ہونیوالے امتحانات کے  انٹرویوز کی بحالی کا اعلان کیا تھا، مراسلہ کے مطابق روزانہ کی بنیاد پر صرف دو اوقات کار میں پندرہ امیدواران کے  انٹرویوز لیے جائیں گے، تمام  انٹرویوز کمیٹیوں میں آٹھ امیدوار صبح 10 بجے جبکہ سات امیدوار دوپہر ساڑھے 12 بجے پیش ہو سکیں گے۔

 مراسلہ کے مطابق امیدوارن اور متعلقہ محکمہ کے نمائندوں کیلئے ماسک کی شرط لازمی قرار دی گئی ہے، پبلک سروس کمیشن میں کام کرنیوالے افسران کے ماسک نہ پہننے کی صورت میں غیر حاضری لگا دی جائے گی، دفاتر میں سائلین کے داخلہ پر بھی مکمل پابندی عائد ہے جبکہ وزیٹرز صرف وزیٹر روم میں ملاقات کر سکیں گے، دفتر میں روزانہ صبح 8 سے 9 بجے ڈس انفیکشن کا عمل مکمل کیا جائے گا۔

 یاد رہے کہ14 مارچ کو پنجاب میں کورونا وائرس کا پہلا کیس سامنے آیا تھا جس کے بعد حکومت نے کورونا کا پھیلاؤ روکنے کیلئے 24 مارچ کو لاہور سمیت پنجاب بھر میں لاک ڈاؤن نافذ کردیا تھا ، تمام تعلیمی ادارے بند کردیئے گئے تھے اور  امتحانات ملتوی کردیئے گئے تھے، اب مرحلہ وار لاک ڈاؤن میں نرمی کی جارہی ہے، پہلے مرحلے میں عید سے قبل لاک ڈاؤن میں نرمی کی گئی تھی اور مارکیٹیں، شاپنگ مالز کھولنے کی اجازت دی گئی تھی۔

مزیدخبریں