شہباز شریف کا اسپیکر قومی اسمبلی کو خط، بڑا مطالبہ کردیا

7 Jul, 2020 | 11:48 AM

Sughra Afzal
Read more!

(سٹی 42)پاکستان مسلم لیگ(ن) کے صدر میاں محمد شہباز شریف کا اسپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر کے نام خط، 24 نیوز چینل پر پابندی ختم کرنے اور میڈیا کے مسائل کے حل کے لئے پارلیمانی کمیٹی تشکیل دینے کا مطالبہ کردیا۔

خط کے متن میں کہا گیا ہے کہ چینل 24 نیوز کی بندش سے ہزاروں خاندانوں کا چولہا بجھ گیا ہے، یہ معاملہ محض24 نیوز کا نہیں بلکہ مجموعی طور پر میڈیا کی آزادی کے لئے موجودہ حکومت کی عدم برداشت کا ہے، پی ٹی آئی کے اقتدار میں آنے کے بعد مختلف شعبے متاثر ہوئے،موجودہ حکومت کی پالیسیوں کے باعث میڈیا کو انتہائی تباہ کن حالات کا سامنا ہے،حکومت نے پہلے اشتہارات کی بندش کے آمرانہ اقدامات کا سہارا لیا، میڈیا پر دباؤ بڑھانے، صحافیوں پر دباؤ بڑھانے کی منصوبہ بندی کی گئی،وکلاء  برادری بھی حکومتی اقدامات کو انتقامی کارروائی قرار دے چکی ہے۔

شہبازشریف نے خط میں کہا ہے کہ دستور پاکستان میں آزادی اظہار رائے اور اطلاعات تک رسائی ایک بنیادی حق تسلیم کیا گیا ہے، جمہوریت اور دستور کی حکمرانی میں میڈیا ریاست کا چوتھا اور باوقار ستون تصور ہوتا ہے،  آزادی اظہار رائے  اور حکومتی دباؤ پر چینل کی بندش پر امن احتجاج کرنے والوں پر لاٹھیاں، گولیاں اور پتھراؤ غیر جمہوری، غیر دستوری اور غیر قانونی حربے ہیں۔

 صدرمسلم لیگ (ن) نے  خط میں مطالبہ کیا کہ چینل 24 کی بندش فی الفور ختم کرائی جائے، پارلیمانی کمیٹی تشکیل دی جائے جو میڈیا کی صنعت کے ساتھ ہونے والی زیادتیوں کا جائزہ لے کر تجاویز دے،تجاویز پر پارلیمان کے ذریعے حکومت سے عملدرآمد کرایا جائے،امید ہے اسپیکر دباؤ کی بجائے آئین کے مطابق فیصلہ کریں گے، عوام کی آواز سنیں اور 24 نیوز کو بند نہ کریں۔

واضح رہےکہ 3 جولائی کو پاکستان الیکٹرانک میڈیا ریگولیٹری اتھارٹی ( پیمرا) نے 24  نیوز کے لائسنس پر اعتراضات عائد کرتے ہوئے چینل کی نشریات بند اور چینل کا لائسنس معطل کردیا تھا۔

مزیدخبریں