( عابد چودھری ) کاہنہ کے علاقے ایل ڈی اے روڈ پر موٹرسائیکل سوار دو نوجوان ون ویلنگ کرتے ہوئے بجلی کے پول سے ٹکرا کر جاں بحق ہو گئے، پولیس نے ضروری کارروائی کے بعد لاشیں ورثا کے حوالے کر دیں۔
سٹی ٹریفک پولیس اور ضلعی پولیس کے بلند و بانگ دعووں کے برعکس شہر میں ویلنگ جیسے خونی کھیل کا سلسلہ جاری ہے۔ ایسا ہی واقعہ کاہنہ کے علاقے گجومتہ کے قریب ایل ڈی اے روڈ پر پیش آیا، جہاں موٹرسائیکل سوار دو نوجوان ویلنگ کرتے ہوئے کاہنہ نو کی جانب جا رہے تھے کہ اچانک بے قابو ہو کر انکی موٹرسائیکل بجلی کے پول سے ٹکرا گئی، ایک نوجوان موقع پر ہی جاں بحق جبکہ دوسرا جنرل ہسپتال پہنچ کر دم توڑ گیا۔
پولیس کے مطابق موٹرسائیکل سواروں کی شناخت فاروق اور زاہد کے نام سے ہوئی جو نشترکالونی کے رہائشی تھے۔ پولیس نے ضروری کارروائی کے بعد دونوں نوجوانوں کی لاشیں ورثا کے حوالے کردیں۔
علاقہ مکینوں کا کہنا ہے کہ سٹی ٹریفک پولیس کا اینٹی ون ویلنگ اسکواڈ بھی بے سود ثابت ہوا جبکہ ایل ڈی اے روڈ پر نہ تو پولیس کا گشت ہے اور نہ ہی ٹریفک وارڈنز کو تعینات کیا گیا ہے جس کے باعث اس شاہراہ پر حادثات بڑھتے جا رہے ہیں۔