( فاران یامین ) آٹھ روز قبل اغوا ہونے والی ذہنی معذور بچی کو پولیس نے بازیاب کرالیا، ڈی آئی جی انویسٹی گیشن انعام وحید نے بازیاب ہونے والی بچی کو والدین کے سپرد کیا تو انکی خوشی کی انتہا نہ رہی۔
29 جون کو امین پارک بند روڈ کی رہائشی ذہنی معذور نو سالہ میرب کو نامعلوم افراد نے گھر کے باہر سے اغوا کرلیا اور 50 لاکھ روپے تاوان کا مطالبہ کیا۔ پانچ روز تک بچی بازیاب نہ ہونے پر والدین اور اہل علاقہ نے آئی جی آفس کے سامنے احتجاج کیا تو پولیس بچی کی بازیابی کیلئے متحرک ہوگئی اور بچی کو حافظ آباد سے بازیاب کروا کر دو ملزمان کو گرفتار کرلیا۔
ڈی آئی جی انویسٹی گیشن انعام وحید نے مغوی بچی کو والدین کے حوالے کرتے ہوئے انکی رہائش گاہ پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے بچی کی بازیابی کو لاہور پولیس کی بڑی کامیابی قرار دیا، انہوں نے کہا کہ بھتے کی پرچی دینے کیلئے آنیوالی گاڑی اور موٹر سائیکل کی مدد سے دو ملزمان کو گرفتار کرلیا ہے۔
والدین کہتے ہیں بچی کی بازیابی میں تاخیر ہوئی تو ان کے صبر کا پیمانہ لبریز ہوگیا، انہوں نے آئی جی پنجاب دفتر کے سامنے احتجاج بھی کیا، اب ان کا لخت جگر ان کے پاس ہے جس پر لاہور پولیس کے مشکور ہیں۔
معصوم ذہنی معذور میرب گھر پہنچی تو ماں کے گلے لگ کر خوب روئی، والدہ نے اپنے جگر گوشے کا ماتھا چوما اور بچی کی بازیابی پر خدا کا شکر ادا کیا۔