(عمران یونس) تحریک انصاف سنٹرل پنجاب کے صدر عبدالعلیم خان کا سابق وزیراعظم میاں محمد نواز شریف کی سزا پر کہنا تھا کہ بڑے میاں کے حال کے بعد چھوٹے میاں بھی بھاگنے کے چکر میں ہیں، عام انتخابات کو کوئی خطرہ نہیں، ایک چور کو سزا ہونے سے الیکشن ملتوی نہیں ہوتے۔
سٹی فورٹی ٹو سے خصوصی بات چیت کرتے ہوئے تحریک انصاف سنٹرل پنجاب کے صدر عبدالعلیم خان کا کہنا تھا کہ ملک کا کرپٹ ٹولہ آج اپنے انجام کو پہنچ رہا ہے۔ میاں نواز شریف کو ناموس رسالت قوانین میں رد و بدل کرنے پر سزا مل رہی ہے۔ ابھی تو صرف لندن میں ان کے چار فلیٹس ضبط ہوئے ہیں ایسی سینکڑوں پراپرٹیاں ابھی ضبط ہونی باقی ہیں جو انہوں نے کرپشن اور عوام کا خون چوس کر بنائی ہیں۔عبدالعلیم خان کا کہنا تھا کہ چھوٹے میاں بھی تیاری رکھیں ان کی باری بھی آنے والی ہے۔
ایک سوال کے جواب میں عبدالعلیم خان کا کہنا تھا کہ کورٹ کچہریوں میں روزانہ سینکڑوں چوروں کو سزائیں ہوتی ہیں، نواز شریف بھی چور ہیں ان کو سزا ہونے سے الیکشن ملتوی نہیں ہونگے اور نہ ہی تحریک انصاف الیکشن ملتوی ہونے دے گی۔